پاکستانیوں کو سب سے زیادہ فکر کس چیز کی ہو تی ہے؟جدید تحقیق نے ہمارے تمام خیالات غلط ثابت کر دیا
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بڑھتی عمر کے ساتھ نوجوان نظر آنا سبھی کی خواہش ہوتی ہے لیکن ایک سروے میں معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی، بھارتی اور عرب ممالک کے مردوخواتین میں یہ خواہش بدرجہ اتم موجود ہوتی ہے۔
سروے میں 855افراد کے انٹرویوز کیے گئے جس کا مقصد جوانی اور بڑھتی عمر کے حوالے سے لوگوں کا نکتہ نظر معلوم کرنا اور بڑھتی عمر میں نوجوان نظر آنے کے لیے لوگوں کے اختیار کردہ طریقوں کے بارے میں جاننا تھا۔ سروے میں پاکستان ، بھارت اور عرب ممالک کی 76فیصد خواتین اور69فیصد مردوں کا کہنا تھا کہ نوجوان نظر آنا ان کے لیے پہلی ترجیح ہے۔ان کے بعد شمالی افریقہ کا نمبر آتا ہے جہاں کے 68فیصد لوگوں نے نوجوان نظر آنے کو انتہائی اہم قرار دیا۔ جب لوگوں سے پوچھا گیا کہ ان کے نزدیک نوجوان نظر آنا کیا ہے تو 75فیصد نے جواب دیا کہ چوکس اور توانائی سے بھرپور انسان نوجوان ہوتا ہے، بعض نے کہا کہ صحت مند ہونا نوجوانی کی علامت ہے جبکہ کچھ لوگوں نے کہا کہ خود کو نوجوان محسوس کرنا ہی نوجوانی ہے۔جن لوگوں سے یہ سوالات کیے گئے ان میں مردوں اور خواتین کی تعداد برابر تھی۔ جب سروے کے شرکاءسے پوچھا گیا کہ وہ نوجوان نظر آنے کے لیے کیا طریقے اختیار کرتے ہیں تو 65فیصد نے جواب دیا کہ وہ صحت مند غذا کا استعمال کرتے ہیں۔73فیصد خواتین اور 62فیصد مردوں نے کہا کہ نوجوان نظر آنے کے لیے اپنی سوچ کو مثبت رکھنا انتہائی ضروری ہے۔52فیصد مردوں اور 47فیصد خواتین نے ورزش کو نوجوان دکھائی دینے کے لیے اہم قرار دیا۔ 43فیصد شرکاءکا کہنا تھا کہ وہ صابن سے منہ دھونے اور محض فیس واش کو ترجیح دیتے ہیں، صرف 11فیصد لوگوں نے کہا کہ وہ نوجوان نظر آنے والی کریمیں استعمال کرتے ہیں۔سروے میں شامل 71فیصد مردوں اور 56فیصد خواتین نے کاسمیٹک سرجری کی مخالف کی۔