خاتون کو حق مہرواپس نہ کرنے پر عدالت کی جانب سے شوکاز نوٹس ،آج طلب کرلیا
لاہور(نامہ نگار)شوہرسے خلع حاصل کرنے والی خاتون کو حق مہرواپس نہ کرنے پر عدالت کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔ حق مہر سمیت آج 10جون کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا،سول جج بشری شہزادی کی عدالت میں گڑھی شاہوکے محمد فاروق نے اپنے وکیل کی وساطت سے بیوی سے حق مہر واپس دلوانے کے لئے دعویٰ دائررکھا ہے ۔ موقف اختیار کیا کہ اس کی سابق بیوی نے عدالت کی وساطت سے اس سے خلع کی بنیاد پر طلاق حاصل کی۔ خلع کی بنیاد پر طلاق حاصل کرنے والی خاتون کو حق مہر واپس کرنا ہوتا ہے۔
رفعت نے فاروق سے طلاق لی تو حق مہر ،جو 2 کڑے اور انگوٹھی دی تھی وہ واپس کرایا جائے لیکن اس نے ابھی تک اس کو حق مہر واپس نہیں کیا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ حق مہر واپس دلوایا جائے۔ عدالت نے دلائل کے بعد رفعت کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ حق مہر کے کڑے لے کر آج عدالت میں پیش ہو۔