کے ایس ای 100انڈیکس کی34200پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال

کے ایس ای 100انڈیکس کی34200پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال

  



 کراچی (اکنامک رپورٹر)کراچی اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا تسلسل جاری ہے ۔کاروباری ہفتے کے دوسرے منگل کو بھی تیزی دیکھی گئی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی 34200کی نفسیاتی حدبحال ہوگئی۔ سرمایہ کاری مالیت میں13ارب79کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت10.30فیصدکم جبکہ46.94فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔حکومتی مالیاتی اداروں،مقامی بروکریج ہاؤسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی ،سیمنٹ اور پٹرولیم سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 34497پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا ۔تاہم تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 119.17پوائنٹس اضافے سے 34270.28پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر377کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے177کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ172کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 28 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں13ارب79 کروڑ 75 لاکھ 90 ہزار 194روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر73 کھرب 73 ارب 16 کروڑ67لاکھ13ہزار439روپے ہوگئی ۔منگل کو مجموعی طورپر کاروباری سرگرمیاں 40 کروڑ36لاکھ10ہزار 860 شیئرز رہیں جوپیرکے مقابلے میں4کروڑ63لاکھ66ہزار720 شیئرزکم ہیں۔

،قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے سروس انٹرنیشنل لمیٹڈ کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت31.98روپے اضافے سے728.00روپے اورمری بریوری کے حصص کی قیمت28.75روپے اضافے سے1090.00روپے ہوگئی ۔نمایاں کمی پاک ٹوبیکو کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ،جس کے حصص کی قیمت27.04روپے کمی سے916.95جبکہ آئی لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت19.25روپے کمی سے700.00روپے ہوگئی ۔منگل کو کے الیکٹرک کی سرگرمیاں3کروڑ14لاکھ45ہزار500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت8پیسے اضافے سے8.10روپے جبکہ بائیکو پٹرولیم کی سرگرمیاں2کروڑ44لاکھ2ہزار500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت55پیسے اضافے سے14.02روپے ہوگئی ۔ کے ایس ای 30انڈیکس84.58پوائنٹس اضافے سے 21647.61پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس154.54پوائنٹس اضافے سے 57546.76جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس39.72پوائنٹس اضافے سے 23897.74پر بند ہوا ۔

مزید : کامرس