کرپٹ سیاسی مافیا نے انتخابی عمل کو آلودہ بنا دیا ہے،محمد جمیل ملک

کرپٹ سیاسی مافیا نے انتخابی عمل کو آلودہ بنا دیا ہے،محمد جمیل ملک

  



لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط کرپٹ سیاسی مافیا نے انتخابی عمل کو اس قدر آلودہ بنا دیا کہ متوسط طبقے کی قیادت اسمبلی میں پہنچنے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا موجودہ نظام میں قومی یاصوبائی اسمبلی کا الیکشن جیتنے کیلئے نوٹوں کی بوریاں،اسلحہ اور کرائے کے قاتلوں کی خدمات حاصل ہونا بے حد ضروری ہیں،دس بیس بندے بھی مر جائیں تو کوئی حرج نہیں، الیکشن کمیشن آج بھی مکمل طور پر بے بس ہے جو اپنی خودمختاری ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے،ملک کے مختلف علاقوں میں ہونیوالے حالیہ ضمنی انتخابات میں فائرنگ،لڑائی مارکٹائی ،اسلحہ کی سرعام نمائش اور مارا ماری نے ثابت کردیا ہے کہ انتخاب لڑنا کسی شریف شہری کا کام نہیں رہا،الیکشن صرف غنڈے اور بدمعاش ہی لڑ سکتے ہیں، جاگیردار ، وڈیرے اور سرمایہ دار گھناؤنی سازش کے تحت قومی وسائل پر قابض ہیں اورایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کیا جارہا ہے،ملک وقوم سے کوئی بھی مخلص نہیں ہے،جس ملک میں ایم این اے یا ایم پی اے کے پاس کروڑوں روپے مالیت کی لگژری گاڑیاں ہونگی وہاں عوام کا کون پرسان حال ہوسکتا ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1