سوئی گیس دفاتر میں ایجنٹوں کی یلغار،جھگڑے عام ،سائل مشکلات کا شکار

سوئی گیس دفاتر میں ایجنٹوں کی یلغار،جھگڑے عام ،سائل مشکلات کا شکار

  



 لاہور( لیاقت کھرل) سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کے دفاتر میں ٹاؤٹ مافیا نے ایک مرتبہ پھر یلغار کر دی ہے۔ دفاتر میں آنے والے ٹاؤٹوں نے سیاسی آڑ لے کر اپنے آپ کو کوآرڈ ینیٹر اور ان کے اسسٹنٹ تعارف کروانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ زبردستی ڈیمانڈ نوٹس اور گیس کنکشن لگوانے پر افسران اور اہلکاروں سے بدتمیزی اور لڑائی جھگڑوں نے زور پکڑ لیا ہے اعلیٰ افسران نے ایم ڈی کو رپورٹ بھجوا دی تفصیلات کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ریجنل دفتر واقع گلبرگ اورایریا دفاتر واقع ہربنس پورہ ، ملتان روڈ، ڈیفنس اور سندر آفس سمیت شاہدرہ کے دفاتر میں روزانہ کی بنیاد پر درجنوں ٹاؤٹ دیکھنے میں آ رہے ہیں اور گیس کمپنی دفاتر میں آنے والے سائلوں کو آتے ہی گھیر لیتے ہیں اور گیس کنکشن کے لئے ڈیمانڈ نوٹس کے نام پر 10 سے 15 ہزار روپے بٹور لیتے ہیں اس میں سب سے زیادہ ٹاؤٹوں نے گیس کمپنی کے ریجنل آفس گلبرگ میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں ’’پاکستان‘‘ کی جانب سے گزشتہ روز کیے گئے سروے میں گیس کمپنی کے افسران اور ملازمین ان ٹاؤٹوں کے خلاف پھٹ پڑے اور گیس افسران نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ٹاؤٹوں نے سیاسی آڑ لے رکھی ہے اور انہیں دفاتر میں منع کرنے پر سیاسی افراد کے کوآرڈینیٹر کے فون کروا کر خاموش کروا دیتے ہیں اور اِن ٹاؤٹوں نے اپنے الگ سے اسسٹنٹ بھرتی کر رکھے ہیں جو کہ فائلیں اٹھائے صبح سویرے ہی دفاتر میں گھس آتے ہیں اس میں سوئی گیس کمپنی کے دفتر ہربنس پورہ اور گیس کمپنی کے ایریا آفس ملتان روڈ (ٹھوکر نیاز بیگ) میں ٹاؤٹوں نے زبردستی گیس کنکشن کے ڈیمانڈ بنوانا شروع کر رکھے ہیں جس میں دفاتر میں آنے والے سائلین سے لوٹ مار کی جا رہی ہے اور ان ٹاؤٹوں نے گیس کمپنی کے اہلکاروں سے اندر کھاتے تعلقات قائم کرنا شروع کر دئیے ہیں بعض ٹاؤٹ دفاتر میں اہلکاروں کی سیٹوں پر بیٹھ کر کام کرتے بھی نظر آتے ہیں اور اس میں اپنی مرضی کے مطابق کام نہ ہونے پر ٹاؤٹوں نے گیس کمپنی کے اہلکاروں کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔ گیس کمپنی کے افسران کی تنظیم انجینئرز ایسوسی ایشن اور گیس کمپنی کے ملازمین کی تنظیم ایمپلائز یونین کے عہدیداروں نے ایم ڈی سوئی گیس کو زبانی اور باقاعدہ تحریری طور پر شکایات بھجوا دی ہیں جس پر گیس کمپنی کے ایم ڈی نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ اس حوالے سے گیس کمپنی کے ایک اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ گیس کمپنی کے دفاتر میں ٹاؤٹوں کا داخلہ سختی سے منع ہے اور اس بارے گیس کمپنی لاہور ریجن کی انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور ٹاؤٹوں کے داخلہ اور بدتمیزی کے واقعات کی انکوائری رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...