ڈسکہ واقعہ ٹیسٹ کیس ہے ، ملک بھر کے وکلاء کی اس پر نظر ہے، اعظم نذیر

ڈسکہ واقعہ ٹیسٹ کیس ہے ، ملک بھر کے وکلاء کی اس پر نظر ہے، اعظم نذیر

  



لاہور(نامہ نگا رخصوصی )پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سانحہ ڈسکہ ایک ٹیسٹ کیس ہے جس پر ملک بھر کے وکلاء نظر رکھے ہوئے ہیں ۔وہ گزشتہ روز سانحہ ڈسکہ کے حوالہ سے ہونے والے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔اعظم نذیر تارڑ نے سانحہ ڈسکہ کیس کی پیش رفت کے حوالہ سے تمام تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اب تک کی تفتیش سے ہم تمام بشمول شہداء کے لواحقین ،ڈسڑکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ اور تحصیل بار ایسوسی ایشن ڈسکہ مطمئن ہیں۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد پراسیکیوشن کے پاس چالان بھیج دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا یہ ایک ٹیسٹ کیس ہے جس پر ملک بھر کے وکلاء نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اجلاس سے سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن محمد احمد قیوم ، خالد ملک اعوان ، شبنم ناگی ایڈووکیٹس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بھائیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ ہم پرامن طریقے سے قانون کے دائرہ میں رہ کر اپنے شہید بھائیوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور انصاف کے حصول تک ہماری تگ و دو جاری رہے گی۔ اجلاس کے بعد سانحہ ڈسکہ کے خلاف عہدیداران لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور ممبران نے احتجاجی کیمپ میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ٹیسٹ کیس

مزید : علاقائی