خورشید شاہ نے معیشت کی بحالی کے حکومتی دعوووں کی قلعی کھول دی،وٹو

خورشید شاہ نے معیشت کی بحالی کے حکومتی دعوووں کی قلعی کھول دی،وٹو

  



لاہور( نمائندہ خصوصی )میاں منظور وٹو صدر پیپلز پارٹی پنجاب نے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی پارلیمنٹ میں بجٹ تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عوام کے جذبات کی مدلل اور بڑے موثر طریقے سے ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے اس پر اپوزیشن لیڈر کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہوں نے معیشت کی بحالی کے حکومتی دعوووں کی قلعی کھول دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سید خورشید شاہ کا کہنا بالکل بجا ہے کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور حکومت اس ریڑ ھ کی ہڈی کو توڑنے کے درپہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی تو پھر ملک بھی مجبور اور معذور ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیساسلوک کا واضح ثبوت یہ ہے کہ زراعت کے شعبہ میں 2014-15 مالی سال کے ٹارگٹ حاصل نہ ہوسکے اور آج کسان معاشی طور پر تبا ہ ہے اور حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر کے اُس مطالبے کی بھرپور حمایت کی کہ حکومت ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو ہدایات جاری کرے کہ وہ رائس ملوں سے لاکھوں ٹن چاول خرید کر خود برآمد کرے کیونکہ پاکستانی چاول کی اعلیٰ کوالٹی کے پیش نظر اسکی ساری دنیا میں بڑی مانگ ہے۔ صنعتی شعبے کا حال بھی زراعت سے مختلف نہیں کیو نکہ اس شعبے میں بھی حکومت اپنے مقرر کئے ہوئے ٹارگٹ حاصل نہیں کر سکی ۔انہوں نے کہا کہ لمحہ فکریہ یہ ہے کہ پاکستان کی برآمدات جی ایس پی پلس کی سہولت ہونے کے باوجود کم رہی ہیں جو کہ حکومتی برآمدی پالیسی کی ناکامی کا مظہر ہے۔

وٹو

مزید : صفحہ آخر