حکومتی پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ، رفیق رجوانہ

حکومتی پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ، رفیق رجوانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کی پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لئے قربانیاں ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہیں جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود اندرونی و بیرونی دشمنوں کی سرکوبی کے لئے اَن گنت قربانیاں دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں الائیڈ آرمی سکول آف لاجسٹک کے گیارہ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے لیفٹیننٹ کرنل محمد فرحان کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں یو اے ای، بنگلہ دیش، سری لنکا اورنیپال کے افسران شامل تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں اپنی بہادر فوج پر فخر ہے جنگ کا میدان ہو یا زمانہ امن ، قدرتی آفات ہو یا سیلاب کی تباہ کاریا ں، پاک فوج کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ساری قوم اپنی بہادر فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس دہشت گردی کے ناسور کو اب ختم کر کے ہی دم لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خطے کا اَمن ہی حقیقی طور پر دنیا میں اَمن اور خوشحالی لا سکتا ہے اور ہم اس بات یقین رکھتے ہیں کہ مستحکم افغانستان ہی مستحکم پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر پُرَ امن دوستانہ تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت معیشت کے استحکام اور اس کے فوائد عام آدمی تک پہچانے کے لئے سخت محنت کر رہی ہے اور حکومت کی پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کا سب سے اہم ایشو بجلی کا بحران ہے، پاکستان میں بجلی کے میگا پراجیکٹس پر تیزی سے کام جار ی ہے اور انشا ء اللہ 2017ء تک اس مسئلہ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے حل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان موجودہ بحرانوں سے نکل کر اقوام عالم میں ایک با وقار اور خوشحال ملک کے طور پر جاناجائے گا۔ قبل ازیں‘گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خوشاب کے پندرہ رکنی وفد نے ملک انصر حیات کی قیادت میں ملاقات کی اور انہیں گورنر پنجاب کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ گلگت بلتستان ، کنٹونمنٹ بورڈ ، ملتان اور منڈی بہاؤالدین کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن )کی فتح اس بات کی دلیل ہے کہ عوام نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد اور مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کی نہ صرف بھرپور تائید کی ہے بلکہ الزام و دشنام ، انتشار و فشا ر کی سیاست کرنے والوں کو ہمیشہ کے لیے مسترد کردیا ہے ۔
گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -