جنوبی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی ‘17دہشتگرد ہلاک‘ متعدد زخمی ‘ کئی ٹھکانے تباہ
باڑہ/وانا/راولپنڈی(اے این این) جنوبی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں 17 مزیددہشتگرد ہلاک،متعدد زخمی،کئی ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علی الصبح مصدقہ اطلاعات پرخیبرایجنسی میں پاک افغان سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا،جس کے نتیجے میں 12 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔فضائی کارروائی میں متعدد دہشتگرد زخمی بھی ہئے جبکہ شدت پسندوں کے کئی ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے۔علاقے میں فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ادھر جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں جیٹ طیاروں کی کارروائی میں پانچ شدت پسند مارے گئے،متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔سیکورٹی فورسز ذرائع کے مطابق لدھا میں پاک افغان سرحد کے قریب جیٹ طیاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ فضائی کارروائی میں پانچ شدت پسند ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔جیٹ طیاروں کی کارروائی میں شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔