شہریوں اور پولیس کے درمیان حائل خلیج کم ہو رہی ہے، محمد انیس وینس

شہریوں اور پولیس کے درمیان حائل خلیج کم ہو رہی ہے، محمد انیس وینس

  



لاہور(کرائم سیل)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ انجمن تاجران ہال روڈ لاہور کی جانب سے پاک زمبابوے کرکٹ سیریز کے دوران جانفشانی سے سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دینے پر لاہور پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے خاص کر شہید سب انسپکٹر عبدالمجید کے نام سے اس تقریب کو منسوب کرنے کا عمل اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ شہریوں اور پولیس کے درمیان حائل خلیج کم ہو رہی ہے اور لاہور کے شہری امن و امان کے قیام اور کرکٹ کی بحالی میں پولیس فورس کی جانب سے کی جانے والی کوششوں میں پولیس سے ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے انجمن تاجران ہال روڈ کے چئیر مین بابر محمود کی جانب سے کرکٹ کی بحالی میں پولیس اور دیگر اداروں کے کردار کو سراہنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ شدید گرم موسم میں سیکیورٹی فرائض سرانجام دینے پر عوام نے جس طرح پولیس فورس کی کارکردگی کو سراہا یہ اسی کا نتیجہ تھا کہ زمبابوے ٹیم کے دورہ پاکستان کے پہلے دن سے لے کر آخری دن تک پولیس فورس نے کسی تھکاوٹ کا شکار ہوئے بغیر بھرپور جوش و ولولے سے اپنے فرائض سرانجام دئے ۔ اُنہوں نے کہا لاہور پولیس کے سب انسپکٹر عبدالمجید شہید نے دوران ڈیوٹی اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے یہ ثابت کر دیا کہ پنجاب پولیس نے شہریوں اور مہمانوں کی حفاظت کے لئے اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہانے سے بھی گریز نہیں کیا۔سی سی پی او نے کہا کہ تمام اداروں نے اس سیریز کے دوران اپنا ہر ممکن کردار ادا کیا خاص طور پر اس سیریز میں میڈیا کا کردار انتہائی قابل تحسین رہا ۔ بابر محمود نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں ضلعی انتظامیہ، سپورٹس بورڈ اور لاہور پولیس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 6سال بعد کرکٹ کی بحالی کا آغاز ہوا ہے اور پاک زمبابوے سیریز میں جس طرح لاہور پولیس کے افسران اور جوانوں نے گرم ترین موسم کے دوران چلچلاتی دھوپ میں خوش دلی سے سیکیورٹی فرائض سر انجام دئے ،یہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پنجاب پولیس دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بناکر اپنے مہمانوں کی حفاظت کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ تقریب سے صوبائی وزیرخوراک بلال یاسین، ڈی آئی جی آپریشنزڈاکٹر حیدر اشرف، ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک،ایم پی اے ماجد ظہور، ڈی جی سپورٹس، عثمان انور، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) عثمان، سینئر صحافی اور اینکر عارف حمید بھٹی ، عمران یعقوب خان، ارسلان رفیق بھٹی، انجمن تاجران کے نمائندے اشرف بھٹی نے بھی خطاب کیااورزمبابوے ٹیم کی سیکورٹی کے ساتھ ساتھ میچوں کے دوران بہترین ڈیوٹی دینے پر لاہور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر انجمن تاجران ہال روڈبابر محمود کی جانب سے پولیس اور دیگر اداروں کے افسران اور سینئر صحافیوں کو یادگاری سونئیر اور شیلڈز پیش کی گئیں۔

مزید : علاقائی


loading...