نجی کمپنی کی بس کے اغواءکے ڈرامے کے پیچھے چھپی اصل وجہ سامنے آگئی، مسافر گرفتار

نجی کمپنی کی بس کے اغواءکے ڈرامے کے پیچھے چھپی اصل وجہ سامنے آگئی، مسافر ...
نجی کمپنی کی بس کے اغواءکے ڈرامے کے پیچھے چھپی اصل وجہ سامنے آگئی، مسافر گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک ) گزشتہ شب نجی کمپنی کی بس کے اغواءکی خبروں نے کئی اضلاع کی پولیس کی دوڑیں لگوادیں لیکن یہ سب ڈرامہ نکلا جس کی بنیاد ی وجہ ایک ایس ایم ایس تھا جو مسافر نے اپنی بہن کو کیا تھاجس کے انکشاف کے بعد پولیس نے سنسنی پھیلانے والے مسافر تنویر کو حراست میں لے لیا۔
 ڈی پی او خانیوال کا کہنا ہے نوجوان نے منصوبے کے تحت ڈرامہ رچایا۔ پولیس کو ایک پیغام موصول ہوا ، فیصل آباد سے ملتان جانے والی مسافر بس کو خانیوال کے قریب اغواءکرلیا گیا ہے جس کو اغواءکرنے والے ڈی جی خان لے جا رہے ہیں۔ اس پیغام نے میڈیا پر آتے ہی ہر طرف سنسنی پھیلا دی۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق نجی کمپنی کی بس پر 45 افراد سوار ہیں جسے خانیوال کے قریب ٹاٹے پور میں مسلح افراد نے اغوا کیا جس پر قریبی دو تین اضلاع کی پولیس کو الرٹ کر دیا گیا اور راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی اور پھر اطلاع آئی کہ بس اغوا نہیں ہوئی بلکہ ڈجکوٹ کے قریب پتھر لگنے سے اسے روکا گیا۔
دنیا نیوزکے مطابق ڈرائیور نے بھی اس بات کی تصدیق کردی کہ بس اغوا ہوئی اور نہ ہی ڈکیتی کی کوئی واردات پیش آئی۔ بس کے خانیوال پہنچنے کے بعد سارے مسافروں کے کوائف معلوم کئے گئے ، مسافروں نے بھی تمام افواہوں کی تردید کی اس تمام ڈرامے کا مرکزی کردار بس کا مسافر میاں چنوں کا رہائشی نوجوان تنویر یوسف تھا جس نے اپنی ہمشیرہ کو پیغام دیا کہ بس میں مسلح افراد چڑھ گئے ہیں جنہوں نے بے ہوشی کا سپرے کرکے بس کو اغوا کرلیا ہے اور اب ڈی جی خان کی جانب لے جا رہے ہیں۔ یہی وہ پیغام تھا جس نے تمام سنسنی پھیلائی۔ خانیوال میں پولیس نے تنویرکو حراست میں لے لیا ، ڈی پی او کے مطابق تنویر پرائز بانڈز کا کام کرتا ہے ، اس کے پاس سات لاکھ پینتالیس ہزار روپے تھے۔ انہوں نے بتایا نوجوان سے مزید تفتیش کیلئے اسے فیصل آباد پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔