اب لوگ مجھے پاکستانی سے زیادہ چینی کہتے ہیں : شہباز شریف

اب لوگ مجھے پاکستانی سے زیادہ چینی کہتے ہیں : شہباز شریف
اب لوگ مجھے پاکستانی سے زیادہ چینی کہتے ہیں : شہباز شریف

  



لاہور (ویب ڈیسک) پاک چین اقتصادی راہداری سیمینار میں وزیر اعلیٰ پہنچے تو شرکا نے کھڑے ہوکرا ستقبال کیا شہباز شریف نے اپنی تقریر چین کے سفیر کو بہترین دوست قرار دیا اور پھر انہیں بھائی کہہ کر پکارا۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ چینی سفیر کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی قوم چین کے تعاون اور دوستی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اب تو لوگ مجھے پاکستانی سے زیادہ چینی کہتے ہیں کیونکہ میں ہر وقت چین سے تعلقات کی باتیں کرتا رہتا ہوں۔ انہوں نے نام لئے بغیر عمران خان کے دھرنوں پر زبردست تنقید کی اور کہا کہ ان دھرنوں سے پاکستان ترقی کے سفر میں پیچھے رہ گیا ۔ شہباز شریف نے ساہیوال کول پراجیکٹ کا ایک ٹی وی چینل پر مذاق اڑائے جانے پر سخت افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس منصوبے کا مذاق اڑانا دراصل پاکستان کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

میڈیا قومی اہمیت کے منصوبوں پر حکومت کا ساتھ دے۔ انہوں نے نام لئے بغیر پاکستان کے بڑے بڑے سرمایہ کاروں کو بھی آڑ ے ہاتھوں لیا اور کہا کہ یہ سورما پاکستان میں سرمایہ کاری کیوں نہیں کرتے۔ پاکستان کے ارب پتی بیرون ملک میں سرمایہ لگا رہے ہیں لیکن انہیں پاکستان میں سرمایہ لگانے کی توفیق نہیں ہورہی جبکہ چین پاکستان میں سرمایہ لگا رہا ہے۔

اگر چین ہماری مدد کیلئے نہ آتا تو نہ جانے ہمارا کیا ہوتا۔ انہوں نے خوشخبری سنائی کہ جیسے ہی بجلی پیدا کرنے کے منصوبے مکمل ہوئے پنجاب کی معاشی ترقی کی شرح میں فوری طور پر 2فیصد کا اضافہ ہوجائے گا۔ چین کے سفیر نے اپنی تقریر میں وفاقی حکومت خصوصاً پنجاب حکومت کی تعریف کی۔ انہوں نے چینی انجینئروں اور دیگر عملے کی حفاظت کیلئے بہترین سکیورٹی اقدامات کرنے پر پنجاب حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزید : لاہور


loading...