نابینا افراد کا احتجاج شدت اختیار کرگیا، میٹروبس کا روٹ بھی بند ، کلمہ چوک پر دھرنادیدیا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) نابینا افراد کا اپنے حقوق کے حصول کے لیے احتجاج شدت اختیار کرگیاہے اور اب وہ مختلف علاقوں میں پھیلناشروع ہوگئے ہیں ، مظاہرین نے کلمہ چوک برج کے نیچے میٹروبس روٹ پر دھرنادیدیا اور بسوں کے آگے روٹ پر لیٹ گئے جس کی وجہ سے کلمہ چوک کے نیچے ٹریفک جام ہوگئی ۔
مقامی میڈیا کے مطابق تین روز سے پنجاب اسمبلی کے سامنے موجود نابینا افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آرہاہے اور اعلیٰ حکومتی شخصیات ان سے بات کرنے کو تیارنہیں جبکہ مظاہرین کاکہناتھاکہ وہ رانا ثناءاللہ سمیت نچلے طبقے کے لوگوں سے پہلے بھی بات چیت کرچکے ہیں لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا ، اب کی بار وہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ہی مذاکرات کریں گے جبکہ حکومت تھکاکر بات چیت کرنے پر مجبور کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے جبکہ سوشل سیکیورٹی افسران بھی مظاہرین کو ڈرا دھمکا کر چلتے بنے ۔ مظاہرین کاصبراب جواب دیتامحسوس ہوتاہے اور اب وہ پھیلناشروع ہوگئے ہیں ، میٹروبس سروس بھی بند کردی ہے جس کی وجہ سے میٹروبس مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مذاکرات کرکے میٹروروٹ سے ہٹانے کی کوشش کی لیکن آخری اطلاع تک کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ۔