بھارتی بیانات افسوسناک، عزائم ناکام بنائیں گے، پاکستان کی خودمختاری کا دفاع کریں گے: آرمی چیف

بھارتی بیانات افسوسناک، عزائم ناکام بنائیں گے، پاکستان کی خودمختاری کا ...
 بھارتی بیانات افسوسناک، عزائم ناکام بنائیں گے، پاکستان کی خودمختاری کا دفاع کریں گے: آرمی چیف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے بھارتی قیادت کے حالیہ بیانات کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم پوری دنیا میں سب سے زیادہ پرامن ہے۔ فارمیشن کمانڈرز نے پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کی پیش رفت اور ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر دیئے گئے ہیں جبکہ پاک افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان کے کچھ حصے خالی کرا رہے ہیں ۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا بنیادی مقصد پاکستان کو محفوظ اور خوشحال بنانا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی فاتح قوم کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔ آرمی چیف نے بھارتی اقدام کو نہایت افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی سیاستدان اقوام متحدہ کی اصولوں کی خلاف ورزی اور دوسرے ممالک میں مداخلت پر فخر کر رہے ہیں تاہم پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فارمیشن کمانڈرز نے بھارتی بیانات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کوئی آدمی پاکستان پر غلط نگاہ نہیں ڈال سکتا ، بھارتی سیاستدانوں کے عزائم کو شکست دی جائے گی اور ہر قیمت پر پاکستان کی جغرافیائی حدود کا تحفظ کریں گے۔ فارمیشن کمانڈرز نے پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا ہر صورت دفاع کرنے، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے بھارتی منصوبوں کو ناکام بنانے اور پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

مزید :

قومی -Headlines -