ملائیشیا نے پہاڑ پر زلزلے کا ’باعث‘ بننے والے مغربی شہریوں کو گرفتار کر لیا
کوالا لمپور (نیوز ڈیسک) ملائشین پولیس نے چار یورپی باشندوں کو ایک پہاڑ پر فحش حرکتوں کے ذریعے زلزلے کا باعث بننے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ ان میں سے ایک خاتون کا تعلق برطانیہ سے ہے اور اس کا نام الیانور ہوکنز بتایا گیا ہے۔ خاتون کی گرفتاری نے بعد دو کینڈین اور ایک ڈچ شہری نے از خود گرفتاری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق یہ چاروں افراد سیاحوں کے ان گروپ میں شامل تھے جنہوں نے چند روز قبل پہاڑ ’کنابالو‘ پر برہنہ ہوکر تصاویر کھینچی تھیں۔ اس حرکت کے چند روز بعد اس پہاڑ پر لرزہ خیز زلزلے میں 10کوہ پما اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ملائشین حکام اور بہت سے عام لوگوں کا ماننا ہے کہ ان سیاحوں کی فحش حرکات اس زلزلے کا باعث بنیں۔ یاد رہے کہ مذکورہ پہاڑ کو مقامی قبائل مقدس سمجھتے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ یہ بہت سی روحوں کا ٹھکانہ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید 6 سیاحوں کی تلاش ابھی بھی جاری ہے۔ برطانوی خاتون کو صباح سے کوالا لمپور جانے کی کوشش کرتے ہوئے ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا۔