محکمہ موسمیات کی مون سون میں 20فیصد زیادہ بارشوں کی پیشگوئی ،دریاؤں میں سیلاب وارننگ

محکمہ موسمیات کی مون سون میں 20فیصد زیادہ بارشوں کی پیشگوئی ،دریاؤں میں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد ( صباح نیوز) محکمہ موسمیات نے مون سون میں 10سے 20فیصد زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کردی، تمام بڑے دریاوں میں سیلاب کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران پنجاب خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں معمول سے 10 سے 20 فیصد زیادہ بارشیں ہوں گی۔محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کے دوران تمام بڑے دریاوں میں سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے، کوہ سلیمان کے رود کوہی نالوں میں بھی طغیانی آسکتی ہے، جبکہ بڑے شہروں میں بھی سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی مشاہدے سے پتہ چلا ہے کہ مون سون کے دوران پاکستان بھر میں زیادہ بارشوں کے اشارے ملے ہیں، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں بعض مواقع پر شدید ترین بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث دریاوں میں سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں مون سون میں زیادہ بارشوں اور ساتھ ہی گرمی کی شدید لہر کے باعث گلیشیئر پگھلنے سے بھی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے ،علاوہ ازیں اس سال مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں اور سیلابوں کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے "این ڈی ایم اے" کے زیر اہتمام جمعرات کو اسلام آباد میں کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام متعلقہ اداروں نے اس ضمن میں اپنی تیاری اور حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستان کو 2010 سے تواتر کے ساتھ شدید سیلابوں کا سامنا رہا ہے جس سے آبادی کا ایک بڑا حصہ متاثر ہونے کے علاوہ لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو چکی ہیں۔سیلابوں کے باعث سڑکوں اور پلوں سمیت بنیادی ڈھانچہ متاثر ہونے کی وجہ سے بھی لوگوں تک امداد کی فراہمی میں خلل کے ساتھ ساتھ ان کی محفوظ مقامات پر منتقلی میں بھی رکاوٹیں پیدا ہوتی رہی ہیں۔شاہراہوں کی تعمیر اور دیکھ بھال کے قومی ادارے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے عہدیداروں نے کانفرنس کے دوران بتایا کہ شاہراہ قراقرم، گلگت اسکردو، دیر چترال، راولپنڈی مری مظفرآباد اور مانسہرہ ناران شاہراہوں سے متعلق انتظامات کیے جا چکے ہیں جب کہ ان سڑکوں پر کسی بھی ہنگامی صورتحال اور نقصان کی صورت میں فوج کا انجینیئرنگ کا شعبہ مستعدی سے اپنی کارروائی کرنے کے لیے چوکس ہوگا۔مون سون کی بارشوں اور پھر گلیشیئرز کے پگھلنے سے دریاوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں نے اپنے اپنے انتظامات سے کانفرنس کے شرکا کو آگاہ کیا۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ خطرے والے علاقوں میں آبادی کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے قبل انتباہی پیغامات موبائل فون پر بھیجے جائیں تاکہ وہ چوکس رہیں۔رواں سال کے اوائل میں بھی پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاوہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں غیرمعمولی طور پر شدید بارشوں کی وجہ سے بھی درجنوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جب کہ رواں ماہ کے اوائل میں پشاور اور اسلام آباد میں شدید طوفانی ہوائیں 14 افراد کی ہلاکت کا سبب بنی تھیں۔ماہرین موسموں کے اس غیرمعمولی تغیر کو ماحولیاتی تبدیلی کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ حکومت کو اس ضمن میں آئندہ کے لیے لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے۔

مزید :

علاقائی -