ڈاکٹر عاصم کی اہلیہ سخت علیل ، لندن کے ہسپتال میں داخل

ڈاکٹر عاصم کی اہلیہ سخت علیل ، لندن کے ہسپتال میں داخل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی اہلیہ ڈاکٹر زرین حسین سخت علالت کے باعث لندن کے ہسپتال میں داخل کردی گئی ہیں۔ انہیں ڈاکٹروں کے مشوروں کے بعد اور دن بہ دن ان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر زرین حسین گذشتہ کئی ماہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور ان کی طبیعت میں مزید خرابی ان کے شوہر ڈاکٹر عاصم حسین کی نظربندی کے بعد ہوئی اور ان کی طبیعت بہتر ہونے کی بجائے مزید خراب ہوگئی۔ بالآخر انہیں ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد ہسپتال میں داخل ہونا پڑا۔ ڈاکٹر زرین حسین طبیعت کی ناسازی کے باوجود ڈاکٹر عاصم کیس کی ہر سماعت پر اپنے شوہر کے شانہ بہ شانہ موجود رہتی تھیں۔ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنی اہلیہ کی بیماری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں جب مجھے اپنی اہلیہ کے ساتھ ہونا چاہیے تھا بدقسمتی سے ایسے بنائے گئے حالات کی بناء پر میں اس کے ساتھ نہیں ہوں۔ ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ میں مجبور ہوں کہ اپنی اہلیہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرنے کے سوا کچھ نہیں کرسکتا ۔ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنے بہی خواہوں، دوست احباب، رشتہ داروں اور عوام سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ ان کی اہلیہ کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔