مشتاق احمد غنی کی قیاس آرائیوں پر مبنی خبروں کی تردید

مشتاق احمد غنی کی قیاس آرائیوں پر مبنی خبروں کی تردید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( پاکستان نیوز)حکومت خیبر پختونخوا کے ترجمان اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات مشتاق احمد غنی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی پشاور میں ہونے والے اجلاسوں کے بارے میں بعض اخبارات میں قیاس آرائیوں پر مبنی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے کوئی کمیٹی قائم نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی کسی صوبائی وزیر کی سرزنش کی گئی ہے۔آج یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کابینہ اور پی ٹی آئی کے صوبائی اسمبلی کے ممبران کے ساتھ اپنی ملاقات میں آنے والے صوبائی بجٹ پر تبادلہ خیال کیا اور وزراء اور ممبران اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ بجٹ بنانے کے عمل میں بھرپور حصہ لیں تاکہ یہ صحیح معنوں میں عوامی امنگوں کا آئندہ دار ہو۔اس دوران وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بھی کابینہ کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنا وقت دفتروں میں بھی گزا ریں اور عوامی مسائل کے حل میں دلچسپی لیں۔صوبائی ترجمان نے ان خبروں کو بھی بے بنیاد قرار دیاجن میں کہا گیا ہے کہ کابینہ میں رد و بدل کیا جا رہا ہے انہوں نے اخبارات سے گزارش کی کہ وہ قیاس آرائیوں پر مبنی جھوٹی خبروں کی اشاعت سے گریزکریں۔