پارا چنار میں ڈرون حملوں کے خلاف قبائلی عمائدین کا احتجاجی مظاہرہ
پاراچنار (مانیٹرنگ ڈیسک) کرم ایجنسی کے قبائلی عمائدین نے ڈرون حملوں کو پاکستان کی سالمیت کیلئے خطرہ قرار دیا ہے اور حکومت سے ڈرون حملے رکوانے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے اور غیر ملکی ڈرون گرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کرم ایجنسی کے صدر مقام پاراچنار میں قبائلی عمائدین نے امریکی ڈرون حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور مسجد روڈ ،پنجابی بازار اور دیگر راستوں سے ہوتے ہوئے مظاہرین جیل روڈ پہنچے۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ڈرون حملوں کے خلاف مختلف نعرے درج تھے اور عوام سے امریکی ، اسرائیلی اور یورپی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔ قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف انتہائی جرات مندی اور بہادری کے ساتھ لڑ رہی ہیں اور دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور اس کے باوجود غیر ملکی ڈرونز کی پاکستانی علاقوں میں کاروائی کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے۔اس موقع پر مظاہرین نے امریکی پرچم بھی نذر آتش کیا اور امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔

