لاہورچیمبرکا این ایچ اے کے تاجروں کو نوٹس بھجوانے پر تشویش کا اظہار

لاہورچیمبرکا این ایچ اے کے تاجروں کو نوٹس بھجوانے پر تشویش کا اظہار

لاہور )کامرس رپورٹر( لاہور چیمبر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے تاجروں کو نوٹس بھجوانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ یہ سلسلہ فورابند کیا جائے کیونکہ اس سے کاروباری ماحول خراب ہورہا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ کاروباری برادری اپنا قومی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور معاشی استحکام کے لیے حکومت کی کوششوں کو آگے بڑھانا چاہتی ہے لیکن سرکاری محکمے اس کے لیے بلاوجہ رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ایک ممبر نے شکایت کی ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اسے ایک خط کے ذریعے کہا ہے کہ انہوں نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے این 5، ملتان روڈ پر ناجائز رسائی اختیار کررکھی ہے۔ ممبر کے مطابق ہائی وے تک یہ رسائی ان کی کاروباری سرگرمیوں کے لیے ضروری ہے اور وہ نیشنل ہائی وے این 5پر ٹریف کے لیے کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں کررہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کو تاجروں کے لیے دوستانہ کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اس قسم کے ایکشن سے کاروباروں کی روانی متاثر ہوگی۔

انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی پر زور دیا کہ لاہور چیمبر کے ممبر کو جاری کیا گیا مراسلہ منسوخ کرے ۔ انہوں نے حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ تمام سرکاری اداروں کو تاجروں کے لیے رکاوٹیں پیدا نہ کرنے کے احکامات صادر کرے۔

مزید : کامرس