البیراک ویسٹ مینجمنٹ کے زیر اہتمام مصطفی آباد میں صفائی آپریشن
لاہور(جنرل رپورٹر)البیراک ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے جمعہ کے روز جالندھر چوک، مصطفی آباد ، یوسی 186 میں سینٹری ورک فورس اور بھاری مشینری کی مدد سے خصوصی صفائی آپریشن کرایا گیا۔ کمپین ’’اہتمامِ رمضان‘‘ کے تحت جامع مسجد رحمانیہ میں امام مسجد کو البیراک کے خصوصی رمضان آگاہی ہدایت نامے دیتے ہوئے ان سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنے جمعہ کے خطبے میں صفائی کی اہمیت پر روشنی ڈالیں تاکہ عام شہری اپنے گلی محلے کی صفائی ستھرائی کو ترجیح دے سکے۔ سرگرمی میں وائس چیئرمین یونین کونسل چوہدری رمضان بھی شریک تھے۔ البیراک کی کمیونیکیشنز ٹیم نے علاقے میں آگاہی کیمپ لگا کر مقامی رہائشیوں، دکانداروں اور راہ گیروں میں مفت ویسٹ بیگز تقسیم کئے۔ علاقہ مکینوں سے بھر پور تعاون کی اپیل بھی کی گئی۔ سینئرمنیجر آپریشنز البیراک محمود اوزتنچ کی قیادت میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر البیراک کے اسسٹنٹ منیجرز اسہیل محمود، مبشر تنویر، سلمان اعجاز اور انضمام الحق موجود تھے۔