حکومتی پالیسیوں کے باعث غربت میں اضافہ ہورہا ہے،جمشید چیمہ

حکومتی پالیسیوں کے باعث غربت میں اضافہ ہورہا ہے،جمشید چیمہ

لاہور(پ ر) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث کروڑوں عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں،ایک عالمی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی نصف آبادی کی یومیہ آمدنی 250 روپے سے کم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 124کے مرکزی دفتر میں مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر کیا ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی لاہورکی سابق نائب صدر مسرت چیمہ اور حلقے سے تعلق رکھنے والے رہنما بھی موجود تھے۔ جمشید چیمہ نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس عجب فارمولہ ہے کہ ان کاکاروبار تودن دوگنی رات چوگنی ترقی کر رہا ہے جبکہ غریب عوام دن بدن تنزلی کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں اقتدارمیں آنے والوں نے کبھی بھی غریب کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے سنجیدگی سے نہیں سوچا یہی وجہ ہے کہ کروڑوں عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔بجٹ میں مزدور کی تنخواہ 15ہزار روپے مقرر کی گئی ہے لیکن میں چیلنج سے کہتا ہوں کہ حکمران اس رقم میں صرف چار افراد پر مشتمل کنبے کا بجٹ بنا کر دکھا دیں ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس میں کامیابی عوام کا مقدر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راشن کی تقسیم کا مقصد پسے ہوئے طبقات کے مسائل کو کم کرنا اور انہیں رمضان المبارک کی برکتوں اور خوشیوں میں شریک کرنا ہے۔انشا اللہ تحریک انصاف اقتدار میں آکر ایسا نظام وضع کرے گی جس سے یہ طبقات اشیائے خوردونوش خصوصی سبسڈی پر حاصل کر سکیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1