پاکستان کو نوجوان کھلاڑیوں نے فتح سے ہمکنار کرایا:راشد لطیف

پاکستان کو نوجوان کھلاڑیوں نے فتح سے ہمکنار کرایا:راشد لطیف
پاکستان کو نوجوان کھلاڑیوں نے فتح سے ہمکنار کرایا:راشد لطیف

  

کراچی (یو این پی)سابق قومی کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ون ڈے فارمیٹ کی ٹاپ ٹیم جنوبی افریقہ کیخلاف نوجوان کرکٹرز کی وجہ سے کامیابی نصیب ہوئی جس پر وہ نوجوان کھلاڑیوں اور قومی کپتان کو مبارکباد دینا چاہتے ہیں۔راشد لطیف کا کہنا تھا کہ پروٹیز کیخلاف میچ میں ثابت ہو گیا کہ اگر نوجوانوں پر اعتماد کیا جائے تو وہ اس پر پورا اترنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بڑی خوش آئند تھی کہ نوجوان پیسر حسن علی اور آل راؤنڈر عماد وسیم نے ہی جنوبی افریقہ کو مشکلات سے دوچار کردیا جو بھارت کیخلاف کلک نہیں کر سکے تھے۔ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ عماد وسیم نے پاکستان کیلئے اہم ابتدائی وکٹیں حاصل کیں جس کیلئے کپتان سرفراز احمد کی منصوبہ بندی بھی قابل ستائش رہی جنہوں نے دباؤ کے باوجود اپنے بالرز کو بہترین انداز سے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ حسن علی کی تین وکٹوں نے بھی پاکستان کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ فخر زمان نے بھی بخوبی پلاننگ پر عمل کیا جس کی وجہ سے پاکستان کو ڈک ورتھ اینڈ لوئس میتھڈ کے تحت پروٹیز کیخلاف برتری حاصل ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ فخر زمان نے اپنی مثبت اپروچ سے سب کو حیران کر دیا اور عام خیال یہی ہے کہ انہیں بھارت کیخلاف بھی کھلانا چاہئے تھا۔ راشد لطیف کے مطابق وہ خود بھی فخر زمان کو چانس دیئے جانے کے منتظر تھے اور بارش کے خطرات کو پیش نظر رکھتے ہوئے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے گرین شرٹس کیلئے عمدگی سے کامیابی کی راہیں ہموار کیں جس پر ان کا مستقبل تابناک نظر آتا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی