جی سی یو اورپی ایچ ای سی کا عالمی سپلٹ پی ایچ ڈی پروگرام کے آغازکا اعلان

جی سی یو اورپی ایچ ای سی کا عالمی سپلٹ پی ایچ ڈی پروگرام کے آغازکا اعلان

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب کے کالجز اور یونیورسٹیوں کے اساتذہ کے لیئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اورپنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کا مشترکہ طور پر عالمی سپلٹ پی ایچ ڈی پروگرام کے آغازکا اعلان۔منتخب اساتذہ حکومتی خرچے پر تحقیق کا کام غیر ملکی یونیورسٹیوں میں مکمل کریں گے۔اس حوالے سے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ نے 33نکاتی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے ،جبکہ اس موقع پر جی سی یو کے ڈین آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر طاہر کامران بھی موجود تھے۔ابتدائی طور پر پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن سوشل سائنسز ،ہیومینیٹیس اور آرٹس کے شعبوں میں 6سکالر شپس کے لیئے تقریباَ29ملین روپے کے فنڈزفراہم کرے گا۔اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر نظام الدین کا کہنا تھاپنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن صوبے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اساتذہ کے لئے تعلیم اور تحقیق کے شعبہ میں وسیع مواقع پیدا کر کے ان کی پروفیشنل قابلیت کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہے

. "ہم اپنے اساتذہ کی تعلیمی وتحقیقی صلاحیت کو بڑھانے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اصلاحات لانے کے لیے کئی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ سپلٹ پی ایچ ڈی پروگرام اساتذہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے اایسا ہی ایک قدم ہے" ۔وائس چانسلر جی سی یو پروفیسرڈاکٹر حسن امیرشاہ نے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی کوششوں کو سراہا اورکہا کہ اسطرح کے اقدامات سے مقامی یونیورسٹیوں میں تحقیق کے کلچر کو کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ فیکلٹی ممبران کو دنیا کی ٹاپ رینکنگ یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا اور ہمارے طلباء و طالبات کو غیر ملکی ماہرین کے ساتھ تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔مزید تفصیلات کے مطابق مفاہمت کی اس یادداشت کے تحت، پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں اور کالجوں کے فیکلٹی ممبران جو جی سی یو لاہور کے پیش کردہ پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلہ حاصل کریں گے ان کو پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن مکمل طور پر فنڈ کرے گا۔ 3 سالہ پی ایچ ڈی پروگرام میں سے کورس ورک کے 2 سال جی سی یو میں جبکہ ایک سال کی تحقیق ترقی یافتہ ممالک کی اعلیٰ درجے کی یونیورسٹیوں میں کریں گے. یہ پائلٹ پروگرام PHEC طرف سے شروع کیا گیا ہے۔ حال ہی میں اس طرح کے ایک مفاہمت کی یادداشت پر پنجاب یونیورسٹی کے سا تھ بھی اسی پائلٹ پراجیکٹ پر دستخط کئے ہیں۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اگلے مرحلے میں پنجاب کے دیگر یونیورسٹیوں میں پروگرام کو توسیع دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4