چلڈرن ہارٹ فاؤنڈیشن بچوں کے امراض قلب کا ادارہ قائم کریگا،ملک تنویر

چلڈرن ہارٹ فاؤنڈیشن بچوں کے امراض قلب کا ادارہ قائم کریگا،ملک تنویر

لاہور(اپنے خبر نگار سے)صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا ہے کہ چلڈرن ہسپتال لاہور ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ہے اور اس ہسپتال میں ہر طرح کی جدید سہولیات میسر ہیں۔ چلڈرن ہسپتال میں حالیہ توسیع سے600 بستروں اور 16 آپریشن تھیڑز کا اضافہ ہو گیا ہے اور سالانہ ایک ہزار بچوں کے دل کے آپریشن کیے جا رہے ہیں اس تعداد میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ چلڈرن ہسپتال لاہورمیں پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں سے آنے والے بچوں کے علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال 40 سے 50 ہزار بچے دل میں پیدائشی نقص کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں جبکہ ہزاروں بچے آپریشن کا انتظارکر رہے ہیں۔ اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے پاکستان چلڈرن ہارٹ فاؤنڈیشن اور حکومت پنجاب کے تعاون سے فیروز پور روڈ پر سٹیر آف ایکسیلنس بچوں کے امراض قلب کا ادارہ قائم کیا جائے گا۔

فیروز پور روڈ پر 9 کنال قطعہ اراضی فاؤنڈیشن کے پاس موجود ہے اور فاؤنڈیشن حکومت کے تعاون سے سٹیر آف ایکسیلنس ادارہ قائم کرنا چاہتی ہے اور اس منصوبے پر اخراجا ت کا تخمینہ ایک ارب 30 کروڑ روپے ہے۔ صوبائی وزیر نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ ادارہ بننے سے پیدائشی نقص کے ساتھ دل کے امراض لے کر پیدا ہونے والے بچوں کے علاج کی سہولیات میں نمایاں اضافہ ہو جائیگا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4