نئی نہروں اور سمال ڈیمز کی تعمیر سے صوبے میں سبز انقلاب آئے گا،امانت اللہ خاں

نئی نہروں اور سمال ڈیمز کی تعمیر سے صوبے میں سبز انقلاب آئے گا،امانت اللہ خاں

لاہور( اپنے خبر نگار سے )صوبائی وزیر آبپاشی امانت اللہ خاں شادی خیل نے کہا ہے کہ محکمے کے نئے سال سے شروع ہونے والے نئی نہروں اور سمال ڈیمز کی تعمیر کے منصوبے صوبے میں زرعی ترقی اور سبز انقلاب کی نوید ثابت ہوں گے۔ کس عمر خان نہر، جلال پوراری گیشن پراجیکٹ اور لاہور میں پانی کے صاف پانی کیلئے دریائے راوی کے کنارے پانی کا ذخیر ہ قائم کرنے کے منصوبوں کی تکمیل سے کسان اور عام آدمی کی زندگی پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک محکمانہ اجلاس میں کس عمر خان کینال اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں چیف انجنئیر سرگودھا، ایکسئین کالا باغ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ امانت اللہ خان شادی خیل نے کہا کہ کس عمر خان کینال سسٹم میانوالی کے علاقے میں سبز انقلاب کا باعث بنے گا۔ اس علاقے میں زراعت ترقی کرے گی اور وہ علاقے جو پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے خشک سالی اور بنجر پن کا شکار ہو رہے تھے وہاں اب فصلیں لہلہائیں گی اور علاقے کے کسان کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سروے کاکام 25جون سے پہلے مکمل کر لیا جائے اور اس مقصد کیلئے افرادی قوت میں اضافہ کرنا پڑے تو اس سے گریز نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کی مانیٹرنگ ٹیمیں بالخصوص اس منصوبے پر نظر رکھیں اور اس کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر پندرہ روز بعد کس عمر کینال منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہو گا جس میں منصوبے پر کام کرنے والے افسران اور انجنئیرز اپنے کام کی رپورٹ پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائم لائن کے مطابق کس عمر کینال کا دسمبر میں ٹینڈر کر دیا جائے گا جس کے بعدڈیزائین کی منظوری کے بعد زمین کی کھدائی کا عمل شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ سروے اور ہایئڈرالک سروے کرنے والی فرم اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے جلد از جلد ٹارگٹ حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں اب کسی قسم کے مالی مسائل حائل نہیں اور نئے سال کے بجٹ میں منصوبے کے تمام مراحل پر ادائیگیوں کا جامع شیڈول تیار کیاگیا ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4