سعودی سفارتخانے کی یقین دہانی،عمرہ ایجنٹوں نے دھرنا ملتوی کر دیا
لاہور(ڈویلپمنٹ سیل)بد ترین عمرہ بحران جاری، اسلام آباد سعودی سفارت خانے کے سامنے اور کراچی قونصل خانے کے سامنے عمرہ ایجنٹوں کے احتجاجی دھرنے کا خوف،قونصل جنرل نے بحران حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی ،ویزہ سٹیکر کی کمی کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے ،عمرہ ویزہ سٹیکر پہنچ گئے ہیں پیر تک معاملات معمول پر آ جائیں گے ،کراچی قونصلیٹ چھٹی کے دنوں میں بھی کام کرے گا ،سعودی سفارت خانے کی یقین دہانی کے بعد ٹریول اور عمرہ ایجنٹوں نے دھرنا ملتوی کر دیا ،اسلام آباد سعودی سفارت خانے نے جمعتہ ،ہفتہ،اتوار ویزے کے لیے پاسپورٹ نہ لینے کا اعلان کر رکھا ہے،کراچی قونصلیٹ میں30ہزار سے زائد پاسپورٹ ویزہ لگنے کے لیے جمع ہیں ،یکم جون کے بعد بہت کم تعداد میں عمرہ ویزے لگ کر پاسپورٹ باہر آئے ہیں ہزاروں کی تعداد میں کنفرم ٹکٹ اور مکہ مدینہ میں کنفرم ہوٹل بکنگ رکھنے والوں کے عمرہ ویزے نہ لگنے کی وجہ سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے ،چٹھہ گروپ کے چےئرمین مشتاق چٹھہ،فیصل آباد سے ندیم اقبال،لاہور سے جاوید اختر نے روزنامہ پاکستان کو بتایاکہ تاریخ میں پہلی دفعہ سعودی حکومت نے رمضان میں عمرہ پر کوٹہ نہیں لگایا مگر مخصوص لابی نے ڈراپ بکس کی ملی بھگت سے مصنوعی قلت پیدا کر کے لاکھوں روپے روزانہ کمائے پھر اسی لابی نے عمرہ ویزہ سٹیکر ختم ہونے کا اعلان کر کے ہزاروں عمرہ زائرین کی کنفرم ٹکٹ اور ہوٹلز کی بکنگ ضائع کرکے کروڑوں کا نقصان پہنچایا ہے اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے عمرہ زائرین کے روزانہ کے کروڑوں روپے ضائع کرنے کے ساتھ ساتھ عمرہ ایجنٹوں کا بھی دیوالیہ نکال دیا ہے ،مخصوص لابی سعودی سفارت خانے کو بدنام کرنے میں مصروف ہے ہم سعودی حکومت کے خلاف جاری مہم کی مذمت کرتے ہیں اور سعودی سفیر سے عمرہ بحران فوری ختم کرنے اور جمع شدہ پاسپورٹ پر عمرہ ویزہ جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں،سعودی سفارت خانہ ٹاؤٹ سسٹم اور ڈراپ باکس مالکان کی مناپلی کے لیے بھی اقدامات کرے۔