ایم ڈی پی ٹی ڈی سی عبدالغفور چوہدری کیخلاف مقدمہ درج

ایم ڈی پی ٹی ڈی سی عبدالغفور چوہدری کیخلاف مقدمہ درج

اسلام آباد(آن لائن) وز یر اعظم نوازشریف کے بیٹے حسین نواز کی پانامہ کیس کی جے آئی ٹی کے سامنے پانچویں پیشی پر آئے انکے حمایتی ایم ڈی پی ٹی ڈی سی عبدالغفور کیخلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا میں کار سرکار میں مداخلت اور دھمکانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ایف آئی آر ڈ ی ایس پی صدر غلام باقر کی مدعیت میں درج کرائی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے سکیورٹی حصار کو جبر ی عبور کر کے جوڈیشل اکیڈمی میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی اور سکیورٹی پر معمور پولیس اہلکاروں کے منع کرنے پر نازیبا الفاظ استعمال کیے اور دھمکیاں دیں ۔یادرہے حسین نواز پانچویں مرتبہ جمعہ کوجے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو ئے جوڈیشل اکیڈمی کے باہران کے استقبال کیلئے لیگی رہنما اورکارکن بھی آئے ان میں ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور بھی شامل تھے، جوڈیشل اکیڈمی میں داخل ہونے کی کوشش میں پولیس کی جانب سے روکے جانے پر پولیس افسران سے الجھ پڑے اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں اور گالیاں دینے سمیت کہا ہم نواز شریف کے شیر ہیں کسی سے ڈرنے والے نہیں، ڈی ایس پی سے نمٹ لوں گا۔

مزید : صفحہ آخر