پاکستان ریلوے کی عیدکے موقع پر کرایوں میں33فیصد کمی، 5 خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی
لاہور( ما نیٹر نگ ڈیسک) پاکستان ریلوے نے عید کے موقع پر مسافروں کو خصوصی تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے، عید کے دوران 5خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی جبکہ کرایوں میں بھی33فیصد رعایت دی جائے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں مسافروں کو عید الفطر کے موقع پر خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس بار عید الفطر کے موقع پر ملک بھر میں عید پر 5خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔جبکہ عید کی چھٹیوں کے دوران ریلوے کرایوں میں 33فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مسافروں کے لئے چلائی جانے والی خصوصی ٹرینیوں میں پہلی کراچی سے پشاور 23جون کو روانہ ہوگی ، دوسری خصوصی ٹرین کوئٹہ سے براستہ روہڑی ، خانیوال اورفیصل آباد لاہور پہنچے گی جبکہ 2ٹرینیں راولپنڈی سے ملتا ن اور ملتان سے راولپنڈی چلائی جائیں گی۔ یہ خصوصی ریل گاڑیاں 23سے 28جون تک چلائی جائیں گی جبکہ اسی دوران کرایوں میں رعایت بھی میسر ہوگی۔