ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان، بجلی کی طلب میں کمی سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم

ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان، بجلی کی طلب میں ...

لاہور )کامرس رپورٹر(باران رحمت سے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا اوردرجہ حرارت میں پانچ سے آٹھ سینٹی گریڈ تک کی کمی ہو گئی۔ صوبائی دارالحکومت میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ہونیوالی طوفانی بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ شہر کی کئی سڑکیں زیر آب آگئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔ آئندہ 12گھنٹوں میں مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، بنوں، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، ملتان، قلات ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں دن کے دوران موسم گرم اور خشک رہیگا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ سرگودھا، ملتان، بہاولپور، ہزارہ ڈویڑن اور بدین میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔

لاہور )کامرس رپورٹر(ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی سے شارٹ فا ل بھی کم ہو گیا جس کے باعث غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کر دی گئی ۔ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات صوبائی و وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے کئی علاقوں میں بارش سے بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی ہوئی ہے ۔ دوسری جانب طوفانی بارش کے باعث ترسیلی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ، جن علاقوں میں بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں وہاں بجلی کی بندش کا سلسلہ گزشتہ شام تک جاری رہا ۔ بجلی کی ڈیمانڈ میں کمی کے باعث بڑے شہروں میں صبح کے وقت لوڈ شیڈنگ کادورانیہ بھی کم رکھا گیا اور سحر وافطار سمیت تراویح کے موقع پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی جاری رہی جبکہ چھوٹے شہروں میں دن کے وقت بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا ۔

مزید : صفحہ آخر