بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح

بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح
 بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح

  

کراچی (این این آئی)گورنر سندھ محمد زبیر سے انصار برنی ٹرسٹ انٹر نیشنل کے چیئر مین انصار برنی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں انسانی حقوق ، صوبہ میں دکھی انسانیت کی خدمت کے ضمن میں ترتیب دیئے گئے پروگرامز ، رمضان المبارک میں غریب و نادار افراد کی کفالت اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ بنیادی حقوق و سہولیات کی فراہمی ، انسانیت کا احترام اور خدمت وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ غریب و نادار افراد کی کفالت کے پروگرامز بھی ترتیب دیئے گئے ہیں جن میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہر برس کروڑوں افراد کی مالی مدد کی جارہی ہے جبکہ ہنر مند افراد کو تربیت کے متعدد پروگرامز بھی جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی معاشی پالیسی کے سب سے زیادہ مثبت اثرات صوبہ کے مختلف شعبوں با الخصوص نجی سیکٹر پر نمایاں دیکھے جارہے ہیں ، نجی سیکٹر کے فعال کردار سے صوبہ میں روزگار کے وسیع مواقع میسر آرہے ہیں جس سے غربت کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں چونکہ لوگ خطہ غربت سے بھی نیچے زندگی گذارنے پر مجبور ہے اس لئے وفاقی حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ایسے علاقے بھی دیگر علاقوں کی ترقی کی سطح پر آسکیں اس ضمن میں وزیر اعظم پاکستان نے ٹھٹھہ ، جیکب آباد اور حیدرآباد میں میگا پروجیکٹس 500 بستروں کے اسپتال ، ہزاروں غریب افراد کے لئے صحت کارڈ ،پینے کے صاف پانی کی اسکیمیں ،انفرااسٹرکچر کی ترقی و بحالی کے لئے اربوں روپے کے پیکجز کے نہ صرف اعلانات کئے بلکہ ان کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ٹیمیں بھی تشکیل دیں تاکہ بروقت منصوبوں کی تکمیل سے غریب افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔

مزید : صفحہ اول