پاکستان بدل رہا ہے لیکن بد قسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی : شہباز شریف

پاکستان بدل رہا ہے لیکن بد قسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی : شہباز ...

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں 4 برس کے دوران شفافیت اور ترقی کاسفرکامیابی سے طے کیا ہے،پاکستان بدل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی اورنیا پاکستان بنانے کے دعویدارپرانے پاکستان کا بھی بیڑا غرق کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر عوام اب ان شکست خوردہ عناصر کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔وہ گزشتہ روزپنجاب اسمبلی میں اپنے چیمبر میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں پربلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں اور تیز رفتاری سے ترقی کرتا ہوا پاکستان بعض سیاسی عناصر کو کھٹک رہا ہے۔اب پاکستان میں الزام تراشی کی نہیں، صرف خدمت کی سیاست ہوگی اورعوام آئندہ الیکشن 2018ء میں بھی کارکردگی ،دیانت ،محنت اورشفافیت کی سیاست کوکامیاب کرائیں گے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں 220 ارب روپے کے قومی وسائل بچائے ہیں اور پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں اربوں روپے کی ایسی بچت کی کوئی مثال موجود نہیں جبکہ ماضی کی حکومتوں نے قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور اربوں روپے کے قرضے ہڑپ کئے اوراب یہ عناصر اپنی پارسائی کا دعوی کر کے سب کے سامنے غلط بیانی سے کام لیتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے شہبازشریف کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے اور مخالفین بھی ہمارے منصوبوں میں شفافیت پر انگلی نہیں اٹھا سکتے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ سال عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے اور حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی کیونکہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے اورہمارا جینا مرنا عوام کیساتھ ہے اور جب تک سانس میں سانس ہے،میں عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔

شہبازشریف

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ملتان کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ او رلودھراں میں دانش سکول کے قیام کا ا علان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتان کے ساتھ بہاولپور میں بھی سیف سٹی پراجیکٹ کا اجراء اورجنوبی پنجاب کے بڑے شہروں میں سپیڈو بسیں چلائی جائیں گی ۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کااظہار آج یہاں ملتان ڈویژن کے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں بجٹ تجاویز ، ترقیاتی پروگرام ، فلاح عامہ کے منصوبوں اور جنوبی پنجاب کے ترقیاتی پراجیکٹ پر بات چیت ہوئی۔وزیراعلی نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نشتر میڈیکل کالج کو میڈیکل یونیورسٹی کا درجہ دیا گیاہے اورنوازشریف زرعی یونیورسٹی کا خانیوال میں سب کیمپس بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیاہے۔انہوں نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور جنوبی پنجاب کاحصہ آبادی کے تناسب سے کافی زیادہ رکھا گیاہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام میرے دل کے قریب ہیں اور اس خطے کی ترقی وعوام کی خوشحالی کے لئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے۔وزیراعلی نے کہاکہ ملتان میں 3ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا میٹروبس کا شاندار منصوبہ عوام کو سہولتیں دے رہا ہے، رحیم یار خان میں پہلی انجینئرنگ یونیورسٹی رواں برس کے آخر میں مکمل ہوجائے گی جبکہ ملتان کڈنی ہسپتال کاانتظام جون تک انڈس ٹرسٹ سنبھال لے گا۔وزیراعلی نے اراکین اسمبلی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ آپ عوام کے نمائندے ہیں محنت کے ساتھ لوگوں کے مسائل حل کریں اور ہم نے مل کر کر اس کشتی کو پار لگانا ہے۔اس موقع پراراکین اسمبلی نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے فراخدلانہ فنڈ ز کی فراہمی پر وزیراعلی شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے وسائل کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف موڑ کر وہاں کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول