ن لیگ ،پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کی پارٹیاں ،مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں رکھتیں :بلاول بھٹو

ن لیگ ،پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کی پارٹیاں ،مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں رکھتیں ...

لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے (ن) لیگ اور تحریک انصاف اسٹیبلشمنٹ کی بنائی ہوئی جما عتیں ہیں جو عوامی اور خارجی مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں رکھتیں، ہم ضیاء الحق ، مشرف اور القاعدہ سے لڑے ہیں،ن لیگ کیا چیز ہے ، حالات جو بھی ہوں جیالے مقابلہ کرنا جانتے ہیں ۔گزشتہ روز پیپلز پارٹی گوجرانوالہ ڈویژن کے اجلاس سے بلاول بھٹو زرداری نے جیئے بھٹو کے نعرے سے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے کہا جیالوں کو ملکر کام کرنا اور عوام تک پیغام پہنچانا ہے، پیپلز پارٹی نظریاتی جماعت ہے اور نظریاتی لوگ اپنا نظریہ نہیں چھوڑتے ،بھٹو اور بینظیر کے جیالے میرے ساتھ ہیں، کوئی طاقت ہمارے سامنے نہیں ٹھہر سکتی۔ ن لیگ اور تحریک انصاف ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، ہماری خارجہ پالیسی کے مسائل عروج پر ہیں، سرحدوں پر ہمسایوں کیساتھ کشیدگی چل رہی ہے، تین پڑوسی ممالک کیساتھ کشیدگی موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے ، بلوچستان بھی مسائل میں الجھا ہوا ہے، بلوچستان کو قومی دھارے میں ہم لائے یہ حکمران بلوچوں کے مسائل سمجھ نہیں سکے لیکن پیپلز پارٹی خارجی اور اندرونی مسائل حل کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں جلد تنظیمیں یونین کونسل سطح تک مکمل ہوں کیونکہ تنظیم کے بغیر سیاست نہیں ہوسکتی، ڈویزنل صدور سے شیڈول مانگا ہے عیدالفطر کے بعد دورا کروں گا۔

مزید : صفحہ اول