قومی صحت پروگرام ،وزیر اعظم کا اقدام عالمی سطح پرقابل ستائش قرار

قومی صحت پروگرام ،وزیر اعظم کا اقدام عالمی سطح پرقابل ستائش قرار

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے قومی صحت پروگرام کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔لندن سکول آف اکنامکس کے طلبہ وطالبات نے مستحق افراد کے علاج معالجے کیلئے وزیر اعظم کے پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیلتھ پروگرام نواز شریف کا قابل ستائش اقدام ہے۔پی ٹی وی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے قومی ہیلتھ پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے، برطانیہ کے معتبر ترین اداروں نے بھی پروگرام کی تعریف کی ہے۔لندن سکول آف اکنامکس کے طلبہ نے بھی اس پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اہم پروگرام جاری کیا ہے۔ایک طالبہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں اس پروگرام سے بہت متاثر ہوئی ہوں، پاکستان اپنے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات دینے کے لئے اہم اقدامات کر رہا ہے اور یہ اقدام اسے دنیا بھر کے ممالک میں ممتاز حیثیت دلاتا ہے ، یہ پروگرام ساری قوم کے لئے ایک اعلیٰ قدم ہے اور اس پر پاکستانی قوم مبارکباد کی مستحق ہے، اس طرح کے پروگرام پاکستان کو صحت کی بہترین سہولیات دینے کے لئے ایک سنگ میل ہے۔ جبکہ ایک اور طالبہ کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت ہزاروں پاکستانیوں کو صحت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ویلڈن نواز شریف آپ کا پروگرام پاکستانیوں کو صحت کی بہترین سہولیات دینے کا دنیا کا ایک بہترین پروگرام ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے قومی ہیلتھ پروگرام کے تحت غریب اور مستحق افراد کو صحت کی بنیادی سہولیات دی جاتی ہیں۔صحت کارڈ کے ذریعے غریب اور مستحق افراد کوعلاج کیلئے50ہزار سے اڑھائی لاکھ تک رقم کی فراہمی اس پروگرام کو دنیا بھر میں ممتاز کرتی ہے۔اس کے تحت کینسر، دل کی بیماریوں، جگر ،گردے، پھیپھڑے ، دائمی اور دیگر پیچیدہ امراض کا علاج کیا جاتا ہے۔

مزید : صفحہ اول