سعودی سفارتخانے میں عمرہ ویزہ سٹیکر کی کمی‘ زائرین پریشان

سعودی سفارتخانے میں عمرہ ویزہ سٹیکر کی کمی‘ زائرین پریشان

ملتان(جنرل رپورٹر) رمضان المبارک میں عمرے کی سعادت ہزاروں پاکستانیوں کیلئے حسرت بن کر رہ گئی، سعودی سفارتخانے میں عمرہ ویزہ اسٹیکرز کی شدید قلت کے باعث بحران شدت اختیار کرگیا۔ بحران سے عمرہ زائرین ، ٹریول ایجنٹس اور ایئر لائنز کو کروڑوں روپے نقصان کا سامنا ہے۔ اس سلسلہ میں معلوم ہوا ہے کہ سعودی سفارت خانہ اسلام آباد اور کراچی سعودی قونصلیٹ میں سعودی حکام (بقیہ نمبر57صفحہ12پر )

نے روزانہ کی بنیاد پر پاسپورٹس کی وصولی میں کمی کررکھی ہے اور اس کی وجہ ویزہ اسٹیکرز کی کمی بتائی گئی ہے، اس کمی کے جلد پورا ہونے کے بعد معمول کے مطابق پاسپورٹس کی وصولی کی یقین دہانی کروائی گئی تاہم اب تقریباً دو ہفتے گزرنے کو ہیں مگر صورتحال بہتر ہونے کے بجائے مزید سنگین ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک میں عمرے کی سعادت کیلئے ہزاروں پاکستانی سال بھر پہلے جانے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں اور اس سلسلے میں ایئر لائنز سے ٹکٹ بھی ایڈوانس خرید لیتے ہیں، مختلف ایئر لائنز رمضان المبارک کیلئے نان ریفنڈایبل ٹکٹ آفر کرتی ہیں جو کہ کم ریٹ کی وجہ سے خرید لئے جاتے ہیں۔سعودی حکومت کی جانب سے اس سال اعلان کیا گیا تھا کہ عمرہ ویزہ اوپن کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کا کوٹہ نہیں لگایا جائے گا لہذا ہزاروں افراد نے مختلف ایئر لائنز سے اپنی بکنگ کروائی اور ٹکٹ خرید لئے سعودی وزارت حج اور سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی پاکستان کیلئے رمضان المبارک میں دو لا کھ سے زائد ویزوں کی اپروول جاری کی جاچکی ہے جس کیلئے پاکستان کی عمرہ کمپنیوں نے سعودی عمرہ کمپنیوں کو کروڑوں روپے کی ادائیگی بھی کی ہے اس سلسلے میں عمرہ کمپنیوں کے نمائندوں نے اسلام آباد میں سعودی عرب کے نائب سفیر سے رابطہ کیا تو انہوں نے اپنی بے بسی ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے سفارت خانہ ریاض میں سعودی وزارت خارجہ کو کئی بار آگاہ کرچکا ہے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر