سخاکوٹ ،کارکنوں کا پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان

سخاکوٹ ،کارکنوں کا پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان

سخاکوٹ(نمائندہ پاکستان) پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈکے کارکنوں نے انٹرا پارٹی الیکشن میں بھر پور حصہ لینے کا اعلان کردیا ۔ عمران خان نے انٹرا پارٹی الیکشن کا اعلان کرکے ملکی سیاست میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا ہے ۔ الیکشن ایک جمہوری عمل اور قائدین کا فیصلہ ہے جس پر من و عن عمل کیا جائیگا ۔ عمران خا ن ہمار ا آج بھی لیڈر ہے اور انشاء اﷲ آئندہ بھی رہے گا لیکن مرکزی چےئرمین شپ کے لئے ملاکنڈ سے اُمیدوارحاجی نیک محمد خان کا سامنے آنا ہمارے لئے فخر اور حوصلہ آفزاء بات ہے جس سے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ اس بات کا اعلان پی ٹی آئی ملاکنڈ کے سابق ضلعی سینئر نائب محمد رسول خان نے اپنی رہائش گاہ پرخوشی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ۔ اس موقع پرسابق صدر یونین کونسل مہردے اعتبار خان ، رحیم داد خان ، حاجی محمد عمران سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ محمد رسول خان نے کہا کہ مرکزی چےئرمین شپ کے لئے ملاکنڈ سے حاجی نیک محمد خان کا نام سامنے آنے سے ادنیٰ کارکنوں کے حوصلے مذید بلند ہو گئے ہیں اور کارکنوں کو یقین ہو گیا ہے کہ ہر کوئی جمہوری طریقے سے بڑے سے بڑے عہدے تک پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ایک جمہوری عمل ہے اور پی ٹی آئی کے چےئرمین عمران نے ہر کارکن کو الیکشن لڑنے کا اختیا ردیکرثابت کردیا ہے کہ پی ٹی آئی حقیقی معنوں میں ایک جمہوری پارٹی ہے جبکہ دیگر جماعتوں میں مورثی سیاست چل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انٹرا الیکشن میں پینلوں کے نتائج کی کوئی ٹینشن نہیں ہے کیونکہ یہ پارٹی کا اندورنی الیکشن ہے اور جو بھی پینل جیتے گی ہمیں قابل قبول ہوگی تاہم مرکزی چےئرمین شپ کے لئے ملاکنڈ سے اُمیدوار حاجی نیک محمد خان کا نام آنا ہمارے لئے خوشی اور فخر کی بات ہے ۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ انٹرا الیکشن میں بھر پور حصہ لیکر اپنے رائے کا اظہارضرور کریں ۔

 

مزید : پشاورصفحہ آخر