پیہور ہائی لیول کنال ایکسٹنشن کی تکمیل کیلئے تیاریاں مکمل

پیہور ہائی لیول کنال ایکسٹنشن کی تکمیل کیلئے تیاریاں مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر )حکومت خیبر پختونخوا نے پیہور ہائی لیول کنال ایکسٹنشن کی تکمیل کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں جس سے8727ہیکٹر بنجر اراضی سیراب ہو گی اور اس سے ضلع صوابی میں تقریباً7500افراد کو روزگار بھی فراہم ہوگا۔اس مقصد کیلئے حکومت پاکستان نے ایشین ڈیویلپمنٹ بنک کے ساتھ جمعہ کے روز ایک معاہدہ پر دستخط کئے۔اس سکیم پر عمل درآمد کیلئے ایشین ڈیویلپمنٹ بنک86.41ملین امریکی ڈالر فراہم کرے گا۔یہ منصوبہ پیہور ہائی لیول کنال سے سیراب ہونے والے علاقوں کا توسیعی حصہ ہے جس کو پانی تربیلہ ڈیم ریزرواٹر سے گندف ٹنل کے ذریعے براہ راست مہیا ہوگا۔وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار اور خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی سکندر خان شیرپاو،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی عبدالکریم خان اس موقع پر موجود تھے۔ کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی مس زی یانگ پنگ،سیکرٹری اکنامک افیئرز ڈویژن طارق محمود پاشا اور سیکرٹری آبپاشی خیبر پختونخوا طارق رشید نے معاہدوں پر دستخط کئے۔ مجوزہ پراجیکٹ اسلام آباد کے شمال مغرب کے تقریباً120کلو میٹر اور پشاور شہر کے مشرق کی جانب102کلو میٹر پر واقع ہے۔اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ 1994میں پیہور ہائی لیول کنال ایکسٹینشن پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا جب آفتاب احمد خان وزیر اعلیٰ تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پراجیکٹ پر بہت کام کیا گیا تھا لیکن مختلف وجوہات کی بناء پر آنے والی حکومتوں نے اس پر پیش رفت نہ کی تاہم انہیں خوشی ہے کہ اب آفتاب شیر پاؤکے بیٹے سکندر حیات خان شیر پاؤ جو خیبر پختونخوا میں سینئر وزیر کی حیثیت سے محکمہ آبپاشی کی سربراہی کر رہے ہیں کے دور میں اس منصوبے پر دوبارہ عملی کام ہو رہا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پراجیکٹ کے بارے میں گزشتہ فزیبلٹی سٹڈی کا دوبارہ جائزہ لیاگیااور اسے اپ گریڈکر دیاگیا ہے اور اب اس پراجیکٹ کے آپریشن ،مینٹیننس اور پروڈکشن پہلو کی طرف خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔