نجیب ہارون کا مقابلہ عوام دشمن جماعتوں سے ہے ،حلیم عادل شیخ

نجیب ہارون کا مقابلہ عوام دشمن جماعتوں سے ہے ،حلیم عادل شیخ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی نے پی ایس 114کے ضمنی انتخابات میں سعید غنی کوجتوانے کے لیے سرکاری خزانے کے منہ کھول رکھے ہیں ،پورے حلقے میں سرکاری مشینری پیپلزپارٹی کے جھنڈے لگاکر سرعام کام کررہی ہے،قوم کو بتایا جائے کہ ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کونسا منہ لیکر پی ایس 114کی عوام کے پاس جارہی ہیں۔ایم کیوایم کے پاس کے ایم سی اور ڈی ایم سی ہے پھر بھی کراچی کچر ے کا ڈھیر بنا ہواہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے محمود آباد پی ایس 114میں پی ٹی آئی کے امیدوار نجیب ہارون کی کامیابی کے لیے انتخابی مہم کے دوران کیا،اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما سرداراعزیرسمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجودتھے انہوں نے حلقے کی عوام میں پی ٹی آئی کے منشور پر بنایا گیا پمفلٹ تقسیم کیا،حلیم عادل شیخ نے کارکنوں اور عوام سے ملاقات میں کہاکہ ان دونوں جماعتوں میں ایک چور تو دوسرا ڈاکوہے ان میں سے کسی پر بھی اعتبار کرنا بے وقوفی ہوگی،یہ سب ہی جانتے ہیں کہ کراچی میں پی پی پی اور ایم کیو ایم والے امن نہیں چاہتے ، اور تاریخ گواہ ہے کہ ان لوگوں نے کسی بھی دور میں کراچی کی عوام کو صحت ،تعلیم اور امن نہیں دیا۔جبکہ ایم کیو ایم کا ریموٹ کنٹرول کس کے پاس ہے یہ سب ہی جانتے ہیں۔ تحریک انصاف کراچی کے ماتھے کا جھومر بن چکی ہے ،کیونکہ اب کراچی کسی سیاست ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کا سیاسی ڈھانچہ بکھر چکاہے ۔ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے ہر دور میں کراچی کے عوام اپنی جان ومال سے ہاتھ دھوتے رہے جو ظاہر کرتاہے کہ ان لوگوں کو کراچی کی ترقی اور خوشحالی سے کوئی سروکار نہیں ہے ۔اب کراچی کو ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کی سازشوں کا تر نوالہ نہیں بننے دینگے ۔انہوں نے مزید کہاکہ ان دونوں جماعتوں نے سندھ کی عوام کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کی اور انہیں آپس میں لڑا کر ان کے حقوق پر ڈاکے ڈالے ۔

 

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر