پاناما لیکس نے کرپٹ عناصر کا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے :لیاقت بلوچ

پاناما لیکس نے کرپٹ عناصر کا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے :لیاقت بلوچ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ ،جے آئی ٹی اور تحقیقاتی ادارے سے مضبوط اعصاب اور حب الوطنی کے جذبے کے تحت احتساب کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچائیں ،پنامہ لیکس ، دبئی پراپرٹی لیکس نے سب کو بے نقاب کیاہے اور کرپٹ عناصر کا چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کردیا ہے،عالم اسلام اگر شیعہ سنی اور عرب و عجم کی بنیاد پر تقسیم ہوگا اور عالمی استعمار کے ہاتھ کی گھڑی بنے گا تو تباہی سے دوچارہوگا ۔پاکستان اور ترکی مل کر قطر کے بحران کو حل کرائیں یہ تقسیم امت مسلمہ کے لیے انتہائی مہلک اور خطر ناک ہے ۔جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو مسائل سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور شہر کراچی کو تباہی و بربادی سے نجات دلاسکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے نارتھ ناظم آباد کے تحت بفر زون نارتھ کراچی میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سکریٹری کراچی عبد الوہاب ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، سکریٹری ضلع وسطی محمد یوسف ، امیر زون اویس یاسین اور دیگر بھی موجود تھے ۔ دعوت افطار میں نارتھ ناظم آباد اور بفر زون کے مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ فلسطین میں مظالم جاری ہیں ، ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب اور اسرائیل کے دورے پر گئے اس کے بعد قطر کے امیر کی ویب سائٹ کو ہیک کر کے جھوٹے بیانات دیے گئے اور اس کی بنیاد بحران کھڑا کردیا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر جمہوری اور مارشل لاء کے کئی دور رہے ہیں لیکن ملک کے حالات اور عوام کی حالت زار تبدیل نہیں ہوتی۔ کرپٹ حکمرانوں ، بیوروکریسی اور کرپٹ اشرافیہ نے ملک کے عوام کو مسائل و مشکلات اور غربت سے دوچار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن اور منی لانڈرنگ نے ملک اور قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور ایک اندازے کے مطابق 400ارب ڈالر لوٹ کر ملک سے باہر بھیجا گیا ۔ پنامہ لیکس ، دبئی پراپرٹی لیکس نے سب کو بے نقاب کیاہے اور کرپٹ عناصر کا چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام چاہتے ہیں کہ کرپٹ مافیا کا احتساب ہو اور قائد اعظم کے پاکستان کو کرپشن سے پاک کیا جائے ۔ ہم سپریم کورٹ ،جے آئی ٹی اور تحقیقاتی اداروں سے کہتے ہیں کہ مضبوط اعصاب اور حب الوطنی کے جذبے کے تحت احتساب کے عمل کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔کراچی میں بجلی کا بحران ، کے الیکٹرک کی لوٹ ما ر نے عوام کو ظلم کا شکار کیا ہے ۔ جماعت اسلامی کراچی کی قیادت نے ان مظالم کو بے نقاب کیا ہے ۔ جماعت اسلامی کراچی کی وارث ہے ۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو مسائل سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور شہر کراچی کو تباہی و بربادی سے نجات دلاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان اللہ کی طرف سے ایک ایسا مہینہ ہے جس میں رحمت ، برکت ، مغفرت اور جہنم کی آگ سے نجات کی وعید بھی ہے اور اعلان بھی ۔ اس ماہ مبارک میں تمام عبادتوں کو ایک جگہ جمع کردیا گیا ہے۔رمضان المبارک میں بالخصوص قرآن سے اپنے تعلق کو مضبوط اور مستحکم کیا جاتا ہے ۔ اس ماہ مبارک کے آخری عشرے میں لیلۃالقدر بھی ہے جس میں اللہ کی آخری کتاب انسانوں کے لیے اتاری گئی اور اس رات کی عبادت کو ہزار مہینوں سے افضل عبادت کا درجہ دیا گیا ۔روزے کی عبادت کا بنیادی مقصد اور فلسفہ اللہ کا تقویٰ اختیار کرنا ہے اور خود اللہ کے احکامات کی بجا آوری کے لیے تیار کرنا ہے ۔ غصہ ، بدزبانی اور نفاق پر کنٹرول حاصل کرنا ہے لوگو ں کے ساتھ ایثار و قربانی سے پیش آناہے ۔انہوں نے کہا کہ روزہ ہمیں پیغام دیتا ہے کہ اللہ کے دین کو اس کی پوری روح کے ساتھ اہنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں نافذ کریں ۔ اللہ کے دین کو عملاً زمین پر قائم کرنے کی جدوجہد کریں ۔قرآن کا اصل حق یہ ہے کہ اسے اپنی معیشت میں ، عدالت میں ، معاشرت میں ، سیاست میں اور حکومت میں نافذ کریں ۔ معیشت کو سود سے پاک کریں ۔بد قسمتی سے کلمے کی بنیادپر بننے والے ملک میں قرآن کی بالادستی اور حاکمیت کو قبول نہیں کیا جارہا ہے ۔ حکمران سود کے حق میں بڑھ چڑھ کر بول رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قرآ ن انسان کو انسانیت احترام کا درس دیتا ہے ، ماہ رمضان میں ہمیں اپنے اور بنیادی اور جوہری تبدیلی لانے کا درس دیتا ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر