”میں نے خود ”دنگل“ دیکھی اور بے حد پسند آئی “ ، چینی صدر بھی عامر خان کے فین ہو گئے
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی ووڈ کے بے تاج بادشاہ عامر خان کے مداحوں میں ایک بہت بڑی شخصیت کا اضافہ ہو گیا ۔چینی صدر شی جن پنگ بھی ”دنگل “ دیکھ کر عامر خان کی اداکاری کے معترف ہو گئے ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے عامر خان کی فلم دیکھی جس کا تذکرہ انہوں نے گزشتہ روز قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات میں کیا۔
چینی صدر نے فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چین میں فلم ’دنگل‘ کی کامیابی کا سفر جاری ہے اور انہوں نے خود بھی یہ فلم دیکھی جو انہیں بے حد پسند آئی۔
واضح رہے ”دنگل“ کی کہانی حقیقت پر مبنی ہے جو ایک پہلوان گھرانے کے گرد گھومتی ہے جس میں عامر خان نے پہلوان کا کردار ادا کیا ہے۔
خیال رہے کسی بھی بھارتی سٹار کے مقابلے عامر خان کی فلمیں انڈیا سے باہر زیادہ بزنس کرتی ہیں جس کی واضح مثال ”دنگل“ ہے جس نے چین میں تہلکہ مچاتے ہوئے اگلے پچھلے سارے ریکارڈ اپنے قبضے میں کرلیے اور صرف چین میں 1ہزار کروڑ کا ریکارڈ بزنس کرکے پہلی بھارتی فلم ہونے کا بھی اعزاز اپنے نام کیا۔