صدر اردگان کی قطر میں ترک افواج بھیجنے اور فوجی تربیت کے دو معا ہدوں کی توثیق
اسلام آباد (اے پی پی) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے قطر میں ترک افواج بھیجنے اور قطری نوجوانوں کی تربیت کے دو معا ہدوں کی توثیق کردی۔ جمعہ کو ذرائع ابلاغ نے ترک ایوان صدر کے حوالہ سے بتایا کہ قطر کی سر زمین پر ترک افواج بھیجنے کا مقصد قطری مسلح افواج کو بہتر بنانا اور فوجی تعاون میں اضافہ کر نا ہے اور اس ضمن میں دوحہ میں اپریل میں دستخط ہو ئے تھے معاہدہ کے بل کے مسودہ کے تحت دونوں ممالک کی مسلح افواج اب مشترکہ فوجی مشقیں بھی کر سکیں گی اوراس اقدام سے عالمی اور علاقائی امن کے قیام میں بھی مدد ملے گی .
واضح رہے کہ کئی خلیجی ممالک بشمول سعودی عرب نے دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے کا الزام لگاکر قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کر لئے ہیں جبکہ قطر نے ان الزامات کو مسترد کر کے اس لزام کو غیر منصفانہ اقدام قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ ترک پارلیمنٹ نے گذشتہ دنوں ترک افواج قطر بھیجنے اور قطری نوجوانوں کی فوجی تربیت کے دو معا ہدوں کی منظوری دی تھی جس کی اب ترک صدر نے توثیق کردی ہے۔