بھارتی حکمران تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہے ہیں: علی گیلانی

بھارتی حکمران تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال ...
بھارتی حکمران تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہے ہیں: علی گیلانی

  

سرینگر(صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمیں سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی حکمران تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہے ہیں اور وہ اس کے ذریعے کشمیر کی تحریکِ آزادی کو کمزور کرانا چاہتے ہیں۔

”بھارتی جارحیت کیخلاف کشمیریوں کی جرات کو سلام ، دشمن کی ہر مہم جوئی کا بھر پور جوا ب دیا جائے گا “، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

تفصیلات کے مطابق سید علی گیلانی کا سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ بھارتی حکمران جموں وکشمیر کی مسلمہ قیادت کو ہراساں اور بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس سلسلے میں تحریک حریت کو خاص طور پر ہدف بنایا گیا ہے اور اس کے رہنماؤں کے خلاف باضابطہ مہم شروع کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ دہلی کے پالیسی ساز ہماری کنپٹی پر بندوق رکھ کر ہمیں اپنے نصب العین سے دستبردار کرانا چاہتے ہیں لیکن جب تک کشمیریوں کی رائے کا احترام نہیں کیا جاتا اور انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق نہیں دیا جاتا اس وقت تک ہماری جدوجہد ہر قیمت پر اور ہر صورت میں جاری رہے گی۔ بھارت کا ظلم اور جبر اس جدوجہد کو روک نہیں سکتا اور نہ این آئی اے کے ذریعے چلائی جارہی مہم اس پر اثر اندازہوسکتی ہے۔

علی گیلانی نے بھارتی پالیسی سازوں پر زوردیا کہ وہ ان ہتھکنڈوں کو بار بار آزمانا بند کردیں جو ناکام ثابت ہوچکے ہیں اور جن کا 7دہائیوں میں کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ تنازعہ کشمیر کی سنگینی میں اضافہ ہورہا ہے اورکشمیری عوام کا عزم اور جذبہ آزادی مضبوط ہوتا جارہا ہے۔

مزید : قومی