قطر کی فضائی حدود اس کے تینوں ہمسایوں نے بند کر دیں تو پھر قطر ایئر ویز کی پروازیں کیسے دوحہ سے آ جا رہی ہیں؟
دوحہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک کی جانب سے سفارتی بائیکاٹ کے بعد قطر کی مشکلات میں پریشان کن حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ قطر کے تینوں ہمسایوں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اس پر فضائی پابندی بھی عائد کردی گئی ہے جس کی وجہ سے قطر ایئر ویز کی بہت سی فلائٹس گراﺅنڈ کرنا پڑ گئی ہیں ۔ ایسے میں بحرین کی جانب سے تھوڑی سی نرمی کے باعث قطر کو اپنے فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کیلئے جگہ مل گئی ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق قطر کی واحد زمینی سرحد سعودی عرب کے ساتھ واقع ہے جو مکمل طور پر بند کردی گئی ہے جبکہ اس کی پروازیں سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے روٹس سے ہو کر دنیا کے دیگر ممالک تک جاتی ہیں۔ پابندیاں لگنے کے باعث قطر ایئر ویز کے بہت سے فلائٹ آپریشن ملتوی کرنا پڑ گئے ہیں لیکن بحرین کی جانب سے تھوڑی سی نرمی کے باعث قطر کے جہاز اب بھی اڑ رہے ہیں۔
بحرین کی جانب سے قطر ایئر ویز کی رجسٹرڈ فلائٹس کیلئے 2 روٹس فراہم کیے گئے ہیں جن میں سے ایک روٹ کے ذریعے فلائٹس آ سکتی ہیں جبکہ دوسرے روٹ سے واپس جا سکتی ہیں۔ اگر بحرین کی طرف سے یہ نرمی نہ کی جاتی تو قطر اپنے فلائٹ آپریشن سے قطعی طور پر محروم ہو جاتا اور ایک طرح سے اس کا باقی دنیا سے مکمل رابطہ ہی منقطع ہو جاتا۔
بحرین کی جانب سے کی جانے والی نرمی کے بعد قطر ایئر ویز کا روٹ کچھ اس طرح بنتا ہے، ویڈیو دیکھیں