مہنگائی سے ٹرانسپورٹ اور تعلیمی اخراجات بھی 20فیصد بڑھ گئے ہیں ، میاں عثمان

  مہنگائی سے ٹرانسپورٹ اور تعلیمی اخراجات بھی 20فیصد بڑھ گئے ہیں ، میاں عثمان

  

لاہور(سٹی رپورٹر)دس ماہ کے دوران مہنگائی کی شدید لہر کی وجہ سے تنخواہ دار اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے طبقے کےلئے حساس اشاریوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے ،ٹرانسپورٹیشن اور تعلیمی اخراجات بھی 20فیصد بڑھ گئے ہیں جس سے زندگی گزارنا محال ہو گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سابق چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے صارفین کی نمائندہ تنظیم کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت مہنگائی کے بم بر سا رہی ہے تو دوسری جانب گراں فروش عوام کا استحصال جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ حالیہ مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دار اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے طبقے کے ماہانہ بجٹ میں5سے7ہزار کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ان کی آمدن بڑھنے کی بجائے کم ہو ئی ہے ۔

۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گراں فروشوں کو شکنجے میں لانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ۔

جس کی وجہ سے عوام کی جیبوں پر مہنگائی کے علاوہ اضافی ڈاکہ پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی وجہ سے غریب طبقات کےلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ہے اور وہ فاقوں پر مجبور ہو گئے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -