پاکستان تجارتی مواقع فراہم کرنے والا ملک ہے، صدر او آئی سی سی آئی
اسلام آباد (اے پی پی) اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کی صدر شازیہ سید نے کہا ہے کہ پاکستان کاروباری و تجارتی مواقع فراہم کرنے والا ملک ہے جہاں پر ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، ایشیاء دنیا بھر کی تجارتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کا مرکز بن رہا ہے اور مستقبل میں ایشیائی ممالک عالمی معیشت میں اہم مقام حاصل کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ او آئی سی سی آئی کے اراکین رکن ممالک کی معاشی سرگرمیوں میں نمایاں خدمات فراہم کررہے اور پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی سی آئی کی رکنیت متنوع ہے اور او آئی سی سی آئی کے 189 اراکین دنیا بھر کے 35 مختلف ممالک کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ او آئی سی سی آئی سے تعلق رکھنے والے ادارے پاکستانی معیشت کے 14 شعبہ جات میں تجارتی وصنعتی سرگرمیوں کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکس کے نظام کو آسان ترین بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ شازیہ سید نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت حکومت ملک میں تجارتی وکاروباری آسانیوں کے فروغ کیلئے سرگرم عمل ہے اور توقع ہے کہ مقامی و غیر مقامی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ملک میں کاروباری آسانیوں کی فراہمی کیلئے جامع اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کے نظام میں سادگی سے نہ صرف حکومتی محصولات میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔