زرعی ماہرین کی کاشتکاروں کو سورج مکھی کی برداشت بروقت مکمل کرنے کی ہدایت
لاہور (نیوز رپورٹر) زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو سورج مکھی کی برداشت بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ بروقت برداشت میں تاخیر پیداوار کونقصان پہنچا سکتی ہے اس لئے برداشت میں دیرکرنے سے اجتناب برتاجائے۔ ماہرین نے بتایاکہ سورج مکھی کا شمار اہم خوردنی و تیلدار اجناس میں ہوتاہے جو ملکی ضروریات کے مطابق خوردنی تیل کی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کے بیج میں اعلیٰ معیار کا 40 فیصد خوردنی تیل ہوتاہے جبکہ اس تیل میں ضروری حیاتین اے، بی، کے وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو انسانی صحت کیلئے انتہائی مفید ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ زرعی ملک ہونے کے باوجود ہم ملکی سطح پر صرف 30 فیصد خوردنی تیل پیدا کرتے ہیں جبکہ 70 فیصد تیل درآمد کرناپڑتاہے جس پر قیمتی زرمبادلہ خرچ ہوتاہے۔