قبائلی اضلاع میں انتخابات 20روز کیلئے ملتوی کئے جائیں، خیبر پختونکوا حکومت کا الیکشن کمیشن کو خط

قبائلی اضلاع میں انتخابات 20روز کیلئے ملتوی کئے جائیں، خیبر پختونکوا حکومت ...

پشاور(سٹاف رپورٹر،این این آئی)خیبر پختونخوا حکومت نے الیکشن کمیشن سے قبائلی اضلاع میں صوبائی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کردی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو بھجوائے گئے مراسلے کے مطابق قبائلی اضلاع میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں پر 2 جولائی کو ہونے والے انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مراسلے میں انتخابات ملتوی کرنے کی 6 وجوہات بیان کی گئی ہیں جس میں سرفہرست امن و امان کی صورتحال، سرحد پار سے دہشت گرد حملوں کے خدشات، سیاسی قیادت پر حملوں کے خطرے، لیویز اور خاصہ داروں کے اختیارات پولیس کو دینے سے پیدا ہونے والے مسائل اور قبائلی علاقوں میں تعینات لیویز اور خاصہ داروں کی الیکشن کی تربیت نہ ہونا شامل ہیں۔مراسلے میں الیکشن 20 روز کے لیے ملتوی کرنے اور الیکشن کی نئی تاریخ 25 جولائی مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔دوسری جانب وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے بھی مراسلہ بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن سے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی گئی ہے،تیاری کے بعد انتخابات کرائے جائیں گے۔دوسری طرف الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی تمام16 عام نشستوں پر اگلے ماہ ہونے والے انتخابات کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے مجموعی طورپر 1895 پولنگ سٹیشن قائم کردیئے ہیں جہاں کل 27 لاکھ98 ہزارسے زائداہل ووٹرزاپنے رائے دہی کا استعمال کریں گے۔اس ضمن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی پولنگ کے لئے تیارکردہ فہرستوں کے مطابق قبائلی ضلع باجوڑ میں صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں میں کل338‘ مہمند کے دو حلقوں میں 194‘ خیبر کے تین حلقوں میں 345‘ کرم کے دو حلقوں میں 265‘اورکزئی کے واحد حلقے میں سب سے زیادہ 175‘ شمالی وزیرستان کے دو حلقوں میں 178‘ جنوبی وزیرستان کے دو حلقوں میں 237 جبکہ چھ قبائلی سب ڈویژن پر مشتمل واحد حلقہ میں 163 پولنگ سٹیشن قایم کئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی کے 100باجوڑ- Iمیں رجسٹرڈ 156237 ووٹروں کے لئے 298 پولنگ بوتھ پر مشتمل 104 پولنگ سٹیشن‘ پی کے 101 باجوڑ- IIمیں 157484 اہل ووٹروں کے لئے 284 پولنگ بوتھ پر مشتمل 103 پولنگ سٹیشن جبکہ پی کے 102 باجوڑ- III میں رجسٹرڈووٹروں کے لئے 339 پولنگ بوتھ پر مشتمل 131 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔قبائلی ضلع مہمند کے دوحلقوں پی کے 103 مہمندI-اورپی کے 104 مہمند- II کے لئے بالترتیب 237 پولنگ بوتھ پر مشتمل 86 اور312 پولنگ بوتھ پر مشتمل 108 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جہاں بالترتیب 140480 اور 170022 اہل ووٹراپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔قبائلی ضلع خیبر میں صوبائی اسمبلی کی تین حلقوں کے لئے مجموعی طورپر345 پولنگ سٹیشن قائم کردیئے گئے ہیں جن میں حلقہ پی کے 105 خیبر- I میں 167484 رجسٹرڈ ووٹروں کے لئے368 پولنگ بوتھ پر مشتمل 110 پولنگ سٹیشن‘ پی کے106 خیبر- II میں 148470 ووٹروں کے لئے 306 پولنگ بوتھ پر مشتمل 89 پولنگ سٹیشن اور پی کے 107 خیبر- III میں 216133 اہل ووٹروں کے لئے 466 پولنگ بوتھ پر مشتمل 146پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔اسی طرح قبائلی ضلع کرم میں دوصوبائی حلقوں پی کے108 کرم- I میں 342 پولنگ بوتھ پر مشتمل 135 پولنگ سٹیشن میں 172897 اہل ووٹرز جبکہ دوسرے حلقہ پی کے 109 کرم- II میں 330 پولنگ بوتھ پر مشتمل 130 پولنگ سٹیشن میں 187844 رجسٹرڈووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔قبائلی ضلع اورکزئی کے واحد صوبائی حلقے پی کے110 میں کل 196436 اہل ووٹروں کے لئے سب سے زیادہ175پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جہاں پولنگ بوتھ کی تعداد بھی سب سے زیادہ543 بتائی جاتی ہے۔قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے دوصوبائی حلقوں پی کے 111 اور112 میں کل رجسٹرڈ ووٹروں 320177 کے لئے بالترتیب 290 پولنگ بوتھ پر مشتمل 76 اور355 پولنگ بوتھ پر مشتمل 102 پولنگ سٹیشن پلان کئے گئے ہیں۔ قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان  میں بھی صوبائی حلقوں کی تعداد دو ہے جہاں پی کے 113 میں 218835 رجسٹرڈ ووٹروں کے لئے 416 پولنگ بوتھ پر مشتمل 139 پولنگ سٹیشن جبکہ پی کے 114 میں 167994 رجسٹرڈ ووٹروں کے لئے 324 پولنگ بوتھ پر مشتمل 98 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔چھ قبائلی سب ڈویژن (سابقہ ایف آرز)پر مشتمل  صوبائی اسمبلی کے واحد حلقہ پی کے 115 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی کل تعداد191062 ہے جہاں مجموعی طورپر441 پولنگ بوتھ پر مشتمل 163 پولنگ سٹیشن ہوں گے۔ان قبائلی سب ڈویژن میں حسن خیل (سابقہ ایف آر پشاور)‘ درہ آدم خیل(سابقہ ایف آرکوہاٹ)‘ وزیر(سابقہ ایف آربنوں)‘  بیٹنی(سابقہ ایف آر لکی مروت)‘ درہ زندہ(سابقہ ایف آر ڈیرہ اسماعیل خان) اور جنڈولہ (سابقہ ایف آر ٹانک) شامل ہیں جہاں سب سے زیادہ اہل ووٹروں کی تعدادقبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میں 64510 جبکہ سب سے کم تعداد بیٹنی سب ڈویژن میں 20542 ہے۔

الیکشن ملتوی

مزید : صفحہ اول