جسٹس قاضی فائز عیسی کو حکومت نہیں ہٹا سکتی، یہ معاملہ سپریم کورٹ جوڈیشل کونسل کا ہے: چیف جسٹس
لندن(این این آئی)چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو حکومت نہیں ہٹا سکتی، یہ معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل کا ہے،پاکستان میں عدالتوں میں اصلاحات لارہے ہیں،انصاف یقینی بنانا میری اولین ذمہ داری ہے،پاکستان میں انصاف کی فراہمی کی بہتری کے لئے ماڈل کورٹس کا قیام خوش آئند ہے۔ اتوار کو یہاں برطانیہ میں کیمبرج یونیورسٹی میں طلبا سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپنے ججز پر اعتماد کریں وہ انصاف کریں گے۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے لندن میں جائیدادوں پر منی ٹریل طلب کریں گے؟ اس پر چیف جسٹس نے کہاکہ یہ پاکستانی عدالتوں کا مسئلہ ہے اس پر یہاں کچھ نہیں کہہ سکتا۔اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا ہم پاکستان میں عدالتوں میں اصلاحات لارہے ہیں جبکہ انصاف یقینی بنانا میری اولین ذمہ داری ہے۔ پا کستا ن میں انصاف کی فراہمی کی بہتری کے لئے ماڈل کورٹس کا قیام خوش آئند ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس نے کہاپاکستان میں برطانیہ کی طرح عدلیہ میں ویٹو پاور کا رواج نہیں، ہم کم وسائل کے باوجود انصاف کی فراہمی کیلئے سخت جدوجہد کررہے ہیں۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہاپاکستان میں قانون کی حکمرانی کے لیے ہمارا معاشرہ جدوجہد کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا وہ کیمرج یونین کے مستقل رکن ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے طلبا کو پاکستان میں قانون سازی اور امن و امان کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔
چیف جسٹس