اپوزیشن والے احتجاج سیاست سے سرمایہ کاری،روزگار کے مواقع ختم کرنا چاہتے ہیں: شاہ محمود قریشی 

اپوزیشن والے احتجاج سیاست سے سرمایہ کاری،روزگار کے مواقع ختم کرنا چاہتے ہیں: ...

ملتان (آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج  اپوزیشن والے  اکٹھے ہو کر احتجاج کرنا چاہتے ہیں، یہ لوگ ملک کی معیشت کو نقصان پہنچا کر ملک کی سرمایہ کاری کو روکنا اورروزگار کے مواقع ختم کرنا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کے خوف اور احتساب سے بچنے  کیلئے یہ سب ایک ہورہے ہیں،اگر ہمیں پانچ سال مل گئے تو پاکستان کا بہتر چہرہ سامنے لیکرآئیں گے، جو دس ماہ پہلے ایک دوسرے کے دست وگریبان تھے آج ان کو کیا ہوگیا، عمران خان 14 جون کو روسی صدر کے سامنے پاکستان کا موقف پیش کریں گے، بھارت رواں ماہ امریکا میں ہونیوالے اجلاس میں ہمیں بلیک لسٹ کروانے کی کوشش کریگا۔اتوار کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد پوری قوم نے فیصلہ کیا تھا کہ دہشتگردی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ ہمارا دشمن سازشوں سے باز نہیں آتا اور پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے ہر فورم استعمال کرتا  ہے۔ بھارت پوری دنیا میں پاکستان مخالف پراپیگنڈہ کر رہا ہے۔ فٹف میں پاکستان پر ٹیرر فنانسنگ منی لانڈرنگ کا الزام لگا کر ملک کو بدنام کر رہا ہے۔ ن لیگ کے دور  حکومت میں پاکستان فٹف گرے لسٹ میں آیا تھا اب ہندوستان کوشش کر رہا ہے کہ پاکستان بلیک لسٹ میں چلا جائے۔اگر ہم بلیک لسٹ میں جاتے ہیں تو ہم پر پابندیاں لگیں گی ہمارے کاروبار متاثر ہونگے  لیکن ہم ڈٹ کر پاکستان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ 27 جنوری کو بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری قوم متحد تھی۔ او آئی سی اجلاس کا ممبر نہ ہونے کے باوجود بھارت نے اجلاس میں گھسنے کی کوشش کی جس پرمیں نے او آئی سی اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ لیکن بھارت کو منہ کی کھانی پڑی میری غیر موجودگی میں بھی کشمیر پر متفقہ قرارداد منظور ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ  آج  اپوزیشن والے  اکٹھے ہو کر احتجاج کرنا چاہتے ہیں، یہ لوگ ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ملک کی سرمایہ کاری کو روکنا اورروزگار کے مواقع ختم کرنا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کے خوف اور احتساب سے بچنے کیلیے  یہ سب ایک ہورہے ہیں،اگر ہمیں پانچ سال مل گئے تو پاکستان کا بہتر چہرہ سامنے لیکرآئیں گے، جو دس ماہ پہلے ایک دوسرے کے دست وگریبان تھے آج ان کو کیا ہوگیا، عمران خان 14 جون کو روسی صدر کے سامنے پاکستان کا موقف پیش کریں گے، ھارت رواں ماہ امریکا میں ہونیوالے اجلاس میں ہمیں بلیک لسٹ کروانے کی کوشش کریگا۔

شاہ محمودقریشی 

مزید : صفحہ اول