ورلڈکپ 2019، بھارت نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دیدی

ورلڈکپ 2019، بھارت نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دیدی

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو بھارت کے ہاتھوں ایونٹ کی پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ورلڈکپ کے 13 ویں میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو جیت کے 353 رنز کا ہدف دیا تاہم کینگروز 50 اوورز میں 316 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئے۔ شاندار سنچری پر شیکھر دھون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھون نے اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا، ٹیم کا مجموعی سکور 127 تک پہنچا تو روہت شرما کولٹر نیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔شیکھر دھون نے 53 اور روہت شرما نے 61 گیندوں پر اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، کینگروز کی فیلڈنگ مایوس کن رہی اور بیٹنگ کے دوران روہت شرما کو دو موقعے ملے۔کپتان ویرات کوہلی نے 93 رنز بنائے تاہم جارح مزاج اوپنر شیکھر دھون نے شاندار سنچری بنائی اور 117 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ہاردک پانڈیا نے بھی جارحانہ کھیل پیش کیا اور 27 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین دھونی نے بھی جارحانہ انداز اپنا اور 17 رنز بناکر مارکوس اسٹوئینس کا شکار بنے، بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے کیا۔ پہلی وکٹ پر 61 رنز کی شراکت داری بنانے کے بعد ایران فنچ 36 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 133 رنز پر گری جب ڈیوڈ وارنر 84 گیندوں پر 56 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اسٹیون اسمتھ اور عثمان خواجہ نے ٹیم کا اسکور 202 تک پہنچایا تاہم عثمان خواجہ 42 رنز بناکر بھمرا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔اسٹیون اسمتھ 69 اور میکس ویل 28 رنز بناکر ہمت ہار گئے۔ساتویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنیوالے ایلکس کارے نے شاندار بیٹنگ کی اور نصف سنچری مکمل کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے۔کارے 35 گیندوں پر 55 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، یوں بھارت کو 36 رنز سے کامیابی مل گئی۔بھارت کی جانب سے بھوویشنر کمار اور بھمرا نے تین تین جبکہ یزویندر چاہال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ

مزید :

صفحہ اول -